پشاور( لیڈی رپورٹر) صوابی کی تحصیل چھوٹا لاہور کے تدریسی ہسپتال میں ایم ٹی آئی صوابی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے سرکاری سطح پر پہلے تھیلیسیما سینٹر کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ تھلیسمیاسینٹر میں خون عطیہ کرنے کی پہلی مہم چلائی گئی۔ بلڈ ڈونیشن ڈرائیو میں ممبر صوبائی اسمبلی اور وزیر اعلی کے معاون خصوصی عبدالکریم خان نے سب سے پہلے خون عطیہ کرکے سینٹر کا پہلا بلڈ ڈونر بن گیا۔ ایم پی اے نے نوجوانوں کو اپیل کی کہ وہ آئیں اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔اسسٹنٹ کمشنر چھوٹا لاہور لبیقہ اکرم اور انکی ٹیم نے تحصیل ہسپتال چھوٹا لاہور میں منعقدہ بلڈ کیمپ کا دورہ کیا اور خون عطیہ کرنے والے تمام ڈونرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ بلڈ کیمپ میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی اور خون عطیہ کرنے کی اس خصوصی مہم میں حصہ ڈالا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صوابی میں 300سے زائد تھیسلیمیا کے مریض رجسٹرڈ ہیں جنہیں خون کی اشد ضرورت ہے۔، انہوں نے بتایاکہ پہلے وہ مریض اسلام آباد یا پشاور جاتے تھے مگر اب صوابی میں تھیلیسمیا سینٹر کے قیام سے انکا مسلہ حل ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق لوکل سطح پر خون جمع کرنے والی تنظیمیں بھی اس مہم میں ضلعی انتظامیہ اور ایم ٹی آئی صوابی کا ساتھ دے رہی ہے انہوں نے خصوصی طور پر ایم ٹی آئی صوابی کے بورڈ آف گورنرز کا شکریہ ادا کیااور عوام سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ بلڈ ڈونیشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ایڈیشنل ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹرحامد خان یوسفزئی نے ضلعی انتظامیہ کی پوری ٹیم کو تھیلیسمیا سینٹر پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر میں تمام ضروری آلات نصب کئے گئے ہیں اور مریضوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر حامد نے بتایا کہ خون عطیہ کرنے والوں کا پہلے اسکریننگ ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور پھر باقاعدہ انہیں ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس بلڈ کیمپ میں جمع کیا گیا خون یہاں محفوظ رکھا جارہا ہے اور پھر انہیں ضرورت کے مطابق نہ صرف اسی سینٹرمیں استعمال کی جائے گی بلکہ ضرورت پڑنے پر دیگر ہسپتالوں کو بھی دی جائے گی۔ڈاکٹر حامد کے مطابق مجموعی طور پر 40بیگزخون جمع کیا گیا اور 250بلڈ ڈونرز نے خودکو ادارے کے ساتھ رجسٹر ڈ کیا۔ اسی طرح 25تھیلسمیا کے مریضوں کی رجسٹریشن بھی مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ لوکل سطح پر بلڈ ڈونیشن کی تین تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ کے تحت تھیلسمیا سینٹر کے ساتھ رجسٹرڈ ہوگئے ہیں۔