• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی نظام کیلئے سرگرم جماعتوں سے تعاون کیا جائے، ڈاکٹر حماد لودھی

برمنگھم (پ ر) یوکے اسلامک مشن کے صدر ڈاکٹر حماد لودھی نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے، پاکستان جس مقصد کیلئے معرض وجود میں آیا تھا، اللہ کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا وہ پورا نہ کرنے کی وجہ سے آج اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کوئی جمہوریت اور اسلامی نظام نافذ نہ ہوسکا بانی پاکستان محمد علی جناح کی زیر قیادت لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ملک بحرانوں کا شکار ہے سید مودودیؒ نے دوقومی نظریہ پیش کیا، ڈاکٹر محمد اقبال اور اسلام پسند قوتوں اور علمائے کرام کی بھرپور حمایت سے ملک بنا، اس مملکت خدا داد کے عوام کو وہ عدل اور انصاف نہ ملا جس کے لیے یہ ملک قائم ہوا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی فائونڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام منعقدہ یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی جمہوری نظام قائم ہو، سیاسی اور معاشی طور پر ملک ترقی کرے، بیرون ملک آباد پاکستانی پاکستان میں ایسی قوتوں کے ساتھ تعاون کریں جو پاکستان میں اسلامی نظام قائم کرنے کیلئے جدو جہد کر رہی ہیں۔ سید مودودی فائونڈیشن کے چیئرمین محمد غالب نے کہا کہ سید مودودی ؒ نے بانی پاکستان کی زندگی میں ریڈیو پاکستان سے اسلامی نظام پیش کیا، پاکستان ایک اسلامی ریاست ہوتا تو ملک دو لخت نہ ہوتا، 75سال سے اس ملک پر جو لوگ حکمران رہے، انہوں نے سیاسی اور معاشی طور پر ملک کو کمزور کیا، ملک کا مستقبل جمہوریت اور اسلام سے وابستہ ہے اسلام پسند قوتوں کو اقتدار میں لانے کی ضرورت ہے تقریب کی صدارت سید مودودی فائونڈیشن کے سرپرست اعلیٰ علامہ سرفراز مدنی نے کی ،تقریب سے مولانا محمد سجاد، سابق کونسلر راجہ شوکت خان، پاکستان رابطہ کونسل کے سنیئر وائس چیئرمین ڈاکٹر خرم بشیر،افتخار احمد جگنو، تحریک کشمیر برطانیہ برمنگھم کے صدر چوہدری اکرام الحق، پروفیسر میاں اختر علی، تحریک انصاف کے رہنما غضنفر علی نے خطاب کیا، حافظ محمد ادریس کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا گیا ،اکرم چغتائی نے نعت شریف، خواجہ محمد سلیمان نے ترانہ پیش کیا، معروف شاعر عارف کشمیری اور فاروق نسیم نے پاکستان پر اپنا کلام پیش کیا۔
یورپ سے سے مزید