• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا، عبدالرزاق ساجد

لندن (پ ر) معروف فلاحی ادارے‘‘المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ’’اور ہونسلو جامع مسجد کے باہمی اشتراک سے لندن میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی اور دیگر کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز علامہ جعفر بلال برکاتی نے تلاوت قرآن اور نعت رسول مقبول سے کیا، چیئرمین ہونسلو جامع مسجد راجہ غضنفر علی اور‘‘پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز‘‘ کے کنٹری مینجر یوکے اینڈ یورپ تیمور ملک نے بھی خصوصی شرکت کی، جبکہ نظامت کے فرائض محمد نوز کھرل نے انجام دیئے، اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا جشن مناتے ہوئے ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ یہ آزادی ہمیں لاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد حاصل ہوئی اور بانی ِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک کوششوں و مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر ہے، انہوں نے کہا ہمارا آبائی وطن پاکستان اور حالیہ ملک برطانیہ ہے اور ہمیں دونوں سے محبت ہے۔عبدالرزاق ساجد نے کہا المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم آزادی کی یہ تقریب منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے آبائی وطن سے جڑے رہیں،انہوں نے کہا ہندوستان کے مسلمانوں نے قیام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد اور عزم مصمم کیا جس کی اصل وجہ وہ نعرہ تھا جو پاکستان بنانے کا اصل محرک تھا کہ ’’پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ‘‘یہی وہ نعرہ تھا جو تحریک پاکستان کے وقت پورے ہندوستان میں گونجتا رہا اور جس نے ہر کلمہ گو کو اس تحریک کی کامیابی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے پر آمادہ وتیار کردیا، ہونسلو جامع مسجد میں منعقدہ اس تقریب سے ’’مسجد‘‘کے ٹرسٹی شفیق الرحمان، کونسلر ریاض گل، کونسلر حنا میر، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی مینجنگ ڈائریکٹر صدف جاوید،کونسلر افضال کیانی، کونسلر سمیعہ چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے، آج سب پاکستانیوں کے لئے تجدید عہد کا دن ہے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کی روشنی میں آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہمیں اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کی27ویں شب اور جمعہ کی مبارک رات ایک ایسی عظیم الشان ریاست عطا فرمائی جو کرہ ارض پر مدینے کی ریاست کے بعد مسلمانوں کا سب سے بڑا ملک ہونے کے ساتھ، دنیا بھر کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز بھی ہے اور ہمیں ان اُمیدوں پر پورا اُترنا ہو گا، مقررین نے کہا پاکستان سے باہر رہتے ہوئے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو بتانا ہو گا کہ پاکستان جو ہمارا آبائی وطن ہے، اس کی آزادی کے کیا معنی ہیں اور ہماری تہذ ب و ثقافت کیا ہے، تقریب میں کھانے پینے کی مختلف اشیا کے سٹالز اور بچوں کے لئے باؤنسنگ کاسل بھی لگائے گئے تھے، تقریب کے آخر میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے پڑھ کر ماحول کو گرما دیا۔ آخر میں آزادی پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔
یورپ سے سے مزید