اسلام آباد(طاہر خلیل ) پلڈاٹ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ عمران دور میں 342 رکنی قومی اسمبلی کے ایوان میں 174 ارکان خاموش اور گونگے بنے رہے اور ایک منٹ بھی نہیں بولے۔
انہوں نے قومی اسمبلی کی کارروائی سے قطعی لا تعلقی ظاہر کی ان میں پی ٹی آئی کے 84 ،مسلم لیگ (ن) کے 48 اور پی پی پی کے 23 ارکان شامل ہیں ، 15ویں قومی اسمبلی کے چوتھے سال میں قانون سازی کی سرگرمیوں میں 8 فیصد کمی دیکھی گئی، پی ٹی آئی دور میں سب سے زیادہ بلاول بھٹو ،شہباز شریف اورخواجہ آصف نے گفتگو کی۔
رپورٹ میں موجودہ قومی اسمبلی کی 4 سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ، 15ویں قومی اسمبلی کے چوتھے پارلیمانی سال کے اختتام پر پلڈاٹ نے کلیدی پرفارمنس انڈیکیٹرز (KPIs) کی بنیاد پر اسمبلی کی کارکردگی رپورٹ جاری کی۔
پلڈاٹ نے اپنے تقابلی جائزہ میں یہ بھی بتایا ہے کہ 15ویں قومی اسمبلی کے چوتھے سال میں قانون سازی کی سرگرمیوں میں 8 فیصد کی کمی دیکھی گئی،15ویں قومی اسمبلی کا اجلاس چوتھے پارلیمانی سال میں صرف 87 دنوں کے لیے ہوا ہے۔
چوتھے سال کے دوران 9 اپریل 2022 تک ایم این ایز کی اوسط حاضری 67 فیصد ریکارڈ کی گئی،قومی اسمبلی کے چوتھے سال کے دوران، عمران خان نے اسمبلی کی صرف ایک (1) نشست میں شرکت کی۔