• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں بارشیں، سیلاب، بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کردی

شہداد کوٹ ( نامہ نگار،خبرایجنسی،مانیٹرنگ نیوز) سندھ میں ہونے والی شدید بارش اور سیلاب کے باعث تباہ کاریوں کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سمیت اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاہےکہ راشن، ٹینٹ کی ضرورت ، مخیر حضرات مشکل وقت میں تعاون کریں،فوج سے بھی مدد کی درخواست کرچکے ہیں،ملکرمشکلات کا مقابلہ کرینگے،متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دینگے۔شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ کی بہت زیادہ ضرورت ہے، وفاق اوراقوام متحدہ سے بھی مدد کی درخواست کی ہے،ہم سب نے مل کرمشکلات کا مقابلہ کرنا ہے، بہت زیادہ گھر،فصلوں کونقصان ہوا ہے، متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف پہنچائیں گے۔پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ مخیرحضرات سے اپیل کرتا ہوں مشکل وقت میں مدد کریں، مخیرحضرات راشن، ٹینٹ کے حوالے سے مدد کریں، سیلاب کی وجہ سے یورپ کا دورہ منسوخ کردیا ہے، سیاسی تماشے چلتے رہتے ہیں، نمبرون ترجیح ہماری سیلاب متاثرین ہونی چاہیے، بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں، ہم نے فوج،نیوی سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام کواکیلا چھوڑنے کا تصوربھی نہیں کرسکتے، سیلاب والے علاقوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں، سیلاب متاثرین کو فوری مدد کی ضرورت ہے، انتظامیہ سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے، جتنی ہمیں ٹینٹ کی ضرورت ہے اتنے موجود نہیں۔
اہم خبریں سے مزید