• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کا سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ، قطر کے بعد سعودی عرب کی بھی ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی

اسلام آباد‘جدہ(شاہدنعیم‘اے پی )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان جمعرات کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان میں غیرمعمولی سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بدترین سیلابی صورت حال کے حوالے سے اظہار یکجہتی پر سعودی عرب سے اظہار تشکرکیا۔

انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کو بھی سراہا۔

ادھرسعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں 1 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا حکم جاری کردیا۔سعودی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کاحکم سعودی عرب کا پاکستان کی معیشت اور عوام کی مددکا اعادہ ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی، جس پر بلاول بھٹو نے اپنے سعودی ہم منصب سے اظہار تشکر کیا۔

اہم خبریں سے مزید