راچڈیل (ہارون مرزا) پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور ہلاکتوں کو برطانوی ذرائع ابلاغ نمایاں طو رپر شائع اور نشر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے برطانیہ میں عوام کو اس بڑے انسانی المیہ اور آفت کے بارے میں آگاہی حاصل ہو رہی ہے ، برطانیہ میں مساجد اور دینی مدرسوں کی سب سے بڑی تنظیم یوکے اسلامک مشن کی ہزاروں مساجد میں فنڈ ریزنگ کی مہم شروع ہو چکی ہے جب کہ اب تک متاثرین کیلئے بڑی امداد جمع کی جا چکی ہے ، وکلا کی تنظیمیں ، تاجر، دوکاندار ، طالبعلم سب سیلاب زدگان کی امداد کیلئے کوشاں ہیں تمام تنظیمیں اور کمیونٹیز مصیبت کی اس گھڑی میں انسانیت کی شاندار مثال پیش کر رہی ہیں، پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے بھی تارکین وطن سے امداد کی اپیل کی ہے جس کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک میں فنڈ ریزنگ مہم عروج کو پہنچ گئی ہے ،چیرٹی ورکرز گلیوں ،بازاروں اور سڑکوں پر فنڈ ریزنگ کر رہے ہیں جب کہ مختلف اسٹورز اور دوکانوں پر چیرٹی بکس رکھوا دیئے گئے ہیں جہاں خریدار بڑھ چڑھ کر عطیات دے رہے ہیں، آزاد کشمیر کے زلزلے کے بعد یہ جذبہ انسانی قابل دید اور خراج تحسین کے قابل ہے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کی خصوصی توجہ سے فنڈ ریزنگ مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے باور کیا جا رہا ہے کہ یہ مہم پاکستان کی توقعات سے کہیں زیادہ ہو گی۔ راچڈیل سے سابق امیدوار ایم پی کنزرویٹو پارٹی کی رہنما سیدہ عاطفہ شاہ ، اے پی ایل کے صدر بیرسٹر امجد ملک ، چوہدری ریاض احمد دھوریہ ، سولیسٹر مظہر اسلم ، ورلڈ وائیڈ کیش اینڈ کیری اور دیگر رہنمائوں نے پاکستانی تارکین وطن سے اس دکھ اور مصیبت کی گھڑی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔