اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر ) پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے باہر لگائے گئے سیلاب زدگان کے امدادی کیمپ کا دورہ کیا۔اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مشعال ملک نے کہا کہ زمرد خان کی ملک و قوم کے لئے خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے۔پوری قوم سے اپیل کرتی ہوں کہ جہاں کہیں بھی ہیں امدادی کیمپ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی اس قوم پر برا وقت آیا پوری قوم نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی اور کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔سیلاب نے ہر طرف تباہی مچادی ہے۔ سیکڑوں قیمتی جانیں چلی گئیں، کھانے کے لیے خوراک اور پہننے کے لئے کپڑے تک نہیں۔ گھر ڈوب گئے ہیں کچھ بھی باقی نہ رہا اور ہمارے بھائی بہن کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں ہمارے سیلاب زدگان بہن بھائی تنہا نہیں ہیں۔سیلاب کی تباہیوں میں یتیم ہونے والے بچوں کو اپنے سینے سے لگائیں گے، بیوہ ہوجانے والی خواتین کو پناہ دیں گے اور انہیں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ بنائیں گے۔ ہم نے سیلاب زدگان کی امداد کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی سامان اور راشن پہنچانے کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ہے۔