اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) وفاقی حکومت نے فنانس بل 2025 کے ذریعے ٹیکس قوانین کو مزید مؤثر اور سخت بنانے کیلئے ایک اہم ترمیم منظور کی ہے جسکے تحت ’’ابیٹر‘‘ (یعنی اعانت کرنے والے) کی جامع قانونی تعریف شامل کر دی گئی ہے۔ جسکے تحت جعلی انوائس، غیر مجاز پروفائل تبدیلی اور غیر قانونی بینک اکاؤنٹس چلانے والے بھی اعانت میں شامل ہونگے، علاوہ ازیں ٹیکس نظام میں نئی شق کی شمولیت سے ایف بی آر اور کمشنرز کو ماہرین اور آڈیٹرز کی تقرری کا اختیار حاصل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجوزہ نئی شق (1) کے مطابق ایسا ہر شخص جو ٹیکس فراڈ یا کسی ایسے جرم میں اعانت کرے جو اس قانون کے تحت قابلِ سزا ہو، ابیٹر کہلائے گا۔ اس میں وہ افراد شامل ہوں گے جو کسی دوسرے رجسٹرڈ شخص کا یوزر آئی ڈی یا پاس ورڈ استعمال کر کے بلا اجازت ریٹرن یا دیگر دستاویزات فائل کریں یا ٹیکس پروفائل میں ردوبدل کریں۔