کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمان بلوچ یوم شہداء کی مناسبت سے شہداء کے گھر گئے اورلواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن ڈاکٹر یاسر بازئی بھی موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے لواحقین سے ملاقات میں شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مزید کہاکہ یوم شہداء منانے کا مقصد اپنے فرض کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے والدین اور اہلخانہ کا احترام ہم سب پر فرض ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کی جدائی کے غم کو صبرو ہمت سے برداشت کیا۔ ان بہادر شہداء، ہیروز، غازیوں، پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے محکموں اور اداروں کے جوانوں کو بھی سلام جو ان سخت حالات اور ماحول میں وطن عزیز کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورازے شہداء کے لواحقین کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں ان کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے شہداء کے لواحقین کو اعزازی شیلڈ بھی دی۔