لندن (جنگ نیوز) لندن کی سماجی شخصیت شیخ سربلند نے ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی بہتر لیکن فائنل میں مایوس کن قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ فائنل مقابلے میں بابراعظم کی کپتانی کے جوہر ماند دکھائی دیے اور ٹیم کی خراب فیلڈنگ نے بھی شکست میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سری لنکا کی ٹیم نے ہر میدان میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور جلد وکٹیں گرنے کے باوجود ان کے مڈل آرڈر بلے بازوں نے ذمہ داری دکھائی جبکہ ہمارے کھلاڑی نہ جانے کیوں پریشر میں آکر وکٹیں گنوا بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا سے گروپ میچ میں شکست کھانے کے باوجود ٹیم نے اپنی کمزوریوں پر قابو نہیں پایا۔ شیخ سربلند نے کہا کہ ٹیم کو جلد اپنی ان خامیوں اور کمزرویوں کو دور کرنا ہوگا، کیونکہ ابھی اہم ورلڈکپ بھی سر پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم اور فخر زمان کا آئوٹ آف فام ہونا ٹیم کو بہت بھاری پڑا ہے۔ البتہ رضوان نے جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں جس طرح کی کارکردگی دکھائی وہ قابل تعریف ہے جبکہ مختلف میچوں میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی بھی قابل ذکر تھی۔