راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری ایک گاڑی ،رکشے ،12موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی اوردیگراشیاء جبکہ اسلام آباد میں شہری ایک کروڑ سے زائد مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائلز، لیپ ٹاپس، اونٹ اوردیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ چار گاڑیوں،15موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ ڈھوک مستقیم میں شاہد انور اوراس کا بھائی اپنے کریانہ سٹور میں موجودتھے کہ دو لڑکے موٹر سائیکل پر آئے اور دکان میں داخل ہو کر گن پوائنٹ پر ایک لاکھ 20ہزار روپے اور موبائل چھین لیا بھائی نے مزاحمت کی توملزمان نے فائرنگ کرکے اسکو زخمی کردیا اورموقع سے فرارہوگئے ۔تھانہ گوجرخان کو ساجد بیگم بیوہ امیر حمزہ نے بتایاکہ رات 9 بجے میں میری بہواور میری پوتی عمر 2ماہ گھر میں موجود تھی کہ ایک نامعلوم آدمی آگیا اور میری بہو کے منہ پر ہاتھ رکھ لیا اسی دوران دیگر 3آدمی بھی گھر کے اند رگھس آئے جن میں سے 3کے پاس پسٹل اور ایک کے پاس آری تھی۔ انہوں نے میری بہو کو مارنا شروع کر دیا اور کہنے لگے کہ پیسے کہاں ہیں ۔ انھوں نے میری پوتی کے سر پر پسٹل رکھ لیا اور کہنے لگے کہ جو کچھ ہے ہمیں دے دو ورنہ ہم اسے مار دیں گے اسی دوران ایک آدمی نے میرے اور میری بہو کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ہمیں بیڈ کے ساتھ باندھ دیا، ملزمان 25تولے طلائی زیور لے کرفرارہوگئے۔تھانہ صدربیرونی کے علاقہ لالہ زارمیں وحید کے گھر کا تا لہ توڑکر 16 لاکھ روپے اڑا لیے گئے۔تھانہ روات کے علاقہ جی ٹی روڈچک بیلی موڑ پر محمد آفتاب اوکاڑہ جانے کے لئے کھڑاتھاکہ راولپنڈی کی طرف سے سفید گاڑی آئی جس میں موجود بندوں نے کہا ہم نے لاہور جانا ہے اگر آپ کرایہ دیکر جانا چاہتے ہیں تو آجاؤ میرے ساتھ کھڑے بندے نے مجھے کہا کہ کار میں بیٹھ جاتے ہیں۔ میں درمیان میں بیٹھ گیا اور وہ شیشہ والی سائیڈ پر بیٹھ گیا ۔فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ہوئے بندے نے مجھ پر پسٹل سیدھا کرلیا اور میرے ساتھ بیٹھے ہوئے دونوں بندوں نے میرے ہاتھ پکڑ لئے اور کہا جو پیسے لے کر جارہے ہو ہمیں دے دو انہوں نے میری جیب سے 16 سولہ ہزار روپے اوربیگ میں سے 4لاکھ65ہزارروپے چھین کرمجھے گاڑی سے اتارکرفرارہوگئے۔تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں راشد سمیت تین نے مہتاب کا اونٹ ، وقاص کے گھر سے نقدی اور بیٹری، کوہسار کے علاقے میں یوسف کے گھر سے 55سو امریکی ڈالر، تیس ہزارروپے ، لیپ ٹاپ، پسٹل وغیرہ ،بنی گالہ کے علاقے میں مدثر کے گھر سے ملازمہ عالیہ نے 22تولہ زیور، پانچ سو امریکی ڈالر اڑا لیے۔پولیس کے نام پر تلاشی کے بہانے ہونے والی دو وارداتوں کے دوران شہریوں کو موٹرسائیکل اور نقدی سے محروم کردیاگیا۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو مہتاب نے بتایاکہ اس کو موٹرسائیکل سواروں نے روکا، خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسکی تلاشی لی اور اسے موٹرسائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے ۔تھانہ شمس کالونی پولیس کو سفیان نے بتایاکہ اس کو گاڑی میں سوار دو افراد نے روکا اپنا تعارف پنجاب پولیس سے کروایااور اس سے موبائل اور نقدی چھین لی ۔تھانہ سہالہ کے علاقے میں خرم ملازم نے قاسم کے 25لاکھ لیے اور مفرور ہوگیا۔ادھرتھانہ مارگلہ کے علاقے میں طیب سلیم نے سلیمان سے امانتا لیے گئے 88لاکھ روپے واپس کرنے سے انکار کردیا۔تھانہ ترنول کے علاقے میں منتظر عباس نے میمونہ کے خاوند کے 16لاکھ روپے لیے گئے واپس کرنے سے انکارکردیا۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ گلزارقائدمیں نامعلوم موٹرسائیکل سوار منیب احمد چشتی کی گردن پرکوئی آہنی چیز مارکر اس کا موبائل ، تھانہ صدربیرونی کے علاقہ کلیال میں دوموٹرسائیکلوں پرسوار تین ملزمان ظہیر خان کاموبائل اور پانچ سو روپے،تھانہ صدربیرونی کے علاقہ گلشن آبادمیں ایک موٹرسائیکل سوار بابر علی کاموبائل ،تھانہ صدربیرونی کے علاقہ منورکالونی میں نامعلوم ملزم طیب ابراہیم کاموبائل اور35ہزارروپے چھین کرلے گیا،تھانہ وارث خان کے علاقہ کمیٹی چوک میں چودھری محموداحمد کاموبائل، تھانہ وارث خان کے علاقہ ڈھوک کھبہ میں ثناء اللہ کے گھرکے تالے توڑ کر گھرسے ایک لاکھ9ہزارروپے اور طلائی زیورات مالیتی40ہزارروپے،تھانہ وارث خان کے علاقہ بھابڑابازارمیں محمدزبیر کاموبائل ،تھانہ وارث خان کے علاقہ گلبرگ ٹاؤن میں دوران نمازجنازہ شیرباز خان کی جیب سے موبائل اور30 ہزارروپے اڑا لیا گیا۔دیگر واردتیں تھانہ نصیرآباد ،تھانہ سول لائنز،تھانہ مورگاہ،تھانہ رتہ امرال ،تھانہ کینٹ ،تھانہ وارث خان ،تھانہ بنی ،تھانہ نیوٹاؤن ،صادق آباد ،تھانہ کینٹ،تھانہ سول لائنز،تھانہ دھمیال،ترنول، کراچی کمپنی، نون ،شہزاد ٹاؤن ، کھنہ ،کورال ، سہالہ، تھانہ بنی گالہ کی حدود میں ہوئیں۔