کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ کشمیر دوبارہ عالمی سطح پر آگیا ہے اور یہ ایک حد تک کامیابی ہے لیکن یہ کہنا کہ کل آزاد ہوجائے گا ایسی خوش فہمی میں ہمیں نہیں رہنا چاہیے پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس نے تمام تر مشکلات کے باوجود جوہری صلاحیت حاصل کی اور آج بھی یہ پروگرام ترقی کر رہا ہے۔ ایئر وائس مارشل (ر) عطیب صدیقی نے بتایا کہ پاکستان کے پاس 170 جبکہ بھارت کے پاس 175 جوہری وار ہیڈز ہیں اور دونوں ملکوں کے پاس پورے خطے کو نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے مودی کی تقاریر کو غیر سنجیدہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ میزبان حامد میر نے کہا کہ اٹھائیس مئی 1998 کو پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا تھا ۔کرنل اشفاق حسین اپنی کتاب ’’اقتدار کی مجبوریاں‘‘ میں لکھتے ہیں کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والی تین شخصیات کو اپنی زندگی سے ہاتھ دھونا پڑا اور ان کو اقتدار سے جبری طور پر علیحدہ کیا گیا جس میں ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیاء الحق، محترمہ بینظیر بھٹو ان سب کو نشانہ بنایا گیا اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شخصی آزادی چھین لی گئی اور نوازشریف کو اقتدار کی کرسی سے تین دفعہ الگ کیا گیا۔ سابق آرمی چیف جنرل اسلم بیگ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والی پانچ شخصیات کے ساتھ ہم نے اچھا سلوک نہیں کیا۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے کہا کہ 57 مسلم ممالک میں سے پاکستان ہی واحد اسلامی ملک جس نے تمام تر مسائل کے باوجود ایسا کام کردکھایا جو کسی مسلم ملک نے نہیں کیا۔