کوونٹری (وقار ملک ) پاک آزاد لیجنڈ اور کوونٹری لیجنڈ کے درمیان پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد اور فلسطین ،کشمیر کے غرباء کے لیے فنڈ ریزنگ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں کونٹری سٹی اور برمنگھم سے مخیر شخصیات نے شرکت کی اور کرکٹ میچز کے فروغ کیلئے اپنا تعاون پیش کیا۔ کرکٹ کی دونوں ٹیموں نے دوستانہ میچز کھیلے اور کرکٹ کے شائقین کو محظوظ کیا،دونوں ٹیموں میں شیلڈ اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں، اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت راجہ ضیا خان نے خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے انھوں نے کہا کہ نفسانفسی کے دور میں انسانیت کی خدمت ہمارا اولین فرض ہے، پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، پاکستان اور پاکستانی عوام کو اس تباہی سے چھٹکارا دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاک آزاد کرکٹ کلب اور کوونٹری لیجنڈ نے کرکٹ میچ کا انعقاد کر کے فنڈ ریز کیا ہے جو خوش آئند ہے، کمیونٹی آگے آئے اور مشکل وقت میں مسلم امہ کو مسائل سے نجات دلوائے۔ حاجی مبارک کیانی، راجہ آذاد طارق نے فرحان آزاد کیانی اور راجہ ضیا خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے فروغ اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ کرکٹ میچ کے ساتھ سیلاب متاثرین کے لیے امداد اکٹھی کی جارہی ہے جو خوش آئند ہے اور اہم پیش رفت ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد ضروری ہے، پاکستان میں ہمارے بہن بھائی اس وقت مشکل میں ہیں، کوونٹری کے ذی شعور نوجوانوں نے پہل کی ہے اور اپنوں کے لیے امداد اکھٹی کرنے کا فرض ادا کیا ہے، کمیونٹی کے افراد زیادہ سے زیادہ امداد دیں۔ کرکٹ میچ میں شوبی نوری، بشیرحیات، محمد نواز، محمد نفیس نے بھی شرکت کی۔ مسلم ریسورس سنٹر کے سیکرٹری حافظ محمد موسیٰ بسمہ اللہ نے اس موقع پر کہا کہ انسانیت کی خدمت ہر انسان کا فرض ہے، پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، ہر شخص متاثر ہے، ان حالات میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انھوں نے دونوں کرکٹ ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مسلم امہ کی امداد باالخصوص پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے کرکٹ میچز کا اہتمام کیا۔