راچڈیل (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے صدر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دکھ سکھ کے ساتھی ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا، یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی بھر پور مدد کی جا رہی ہے، جس پر ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ممنون ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سے ویڈیو لنک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کا کارکنان کو بڑا واضح پیغام ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت خدمت کرنے کا ہے اور سیلاب زدگان کی مدد کو یقینی بنا کر انہیں زندگی کی طرف واپس لانے کا ہے اس لیے تمام لیگی ارکان دل کھول کر عطیات دیں اور اپنے ہم وطنوں کا مصیبت کی گھڑی میں سہارا بنیں۔اسحاق ڈار نے شیخ سعید احمد کو مسلم لیگ ن سعودی عرب کا صدر بننے پر مبارکباد دی‘ سینئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر سمیت ملک منظور اعوان کو جنرل سیکرٹری اور دیگر تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے یکجان ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسلم لیگ ن بہتر انداز میں ملکی خدمت کا فریضہ سر انجام دے سکے، تقریب سے مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے جنرل سیکرٹرل ایم این اے چوہدری نور الحسن تنویر اور پی ایم ایل این انٹرنیشنل افیئرز کے کوارڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن ایک ایسی عوامی جماعت ہے جو پوری عوام کی متفقہ آواز ہے مسلم لیگ ن جب بھی برسر اقتدار آئی اس نے ملک وقوم کی خدمت کا فرض ادا کیا، میاں نواز شریف ملکی تاریخ کے واحد ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے اور ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا، آج ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف دیگر اتحادیوں کے ہمراہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں ‘ سیلاب متاثرین کی دن رات خدمت اور بحالی کیلئے کوشاں ہیں‘ اوورسیز پاکستانی ملکی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل وقت میں مدد کی ہے، آج پھر وطن عزیز شدید مشکلات کا شکار ہے، اس لیے سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں میں موجود پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے ہم وطنوں کی دل کھول کر مدد کریں ‘ سعودی عرب میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ ن کے عہدیدار اور ورکرز کام کر رہے ہیں اور وہ تمام عہدیدار جن کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں وہ فعال کردار ادا کریں اور سعودی عرب بھر میں پارٹی ورکرز کو متحرک کریں ‘ اس موقع پر مسلم لیگ ن سعودی عرب کے نومنتخب صدر شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے لیڈر میاں نواز شریف ‘ صدر مسلم لیگ ن وزیراعظم شہباز شریف ‘ صدر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز اسحاق ڈار‘ کوارڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک ‘ جنرل سیکرٹری چوہدری نور الحسن تنویر کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انہیں ذمہ داری سے نوازا اور انہیں فخر ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ایک ورکر کی حیثیت سے کام کیا، اب بھی سعودی عرب میں پارٹی عہدیداران اور ورکرز کو متحد کرنے کیلئے کام کریں گے، پارٹی کو مضبوط بنایا جائیگا، مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سینئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر، جنرل سیکرٹری ملک منظور اعوان سمیت دیگر عہدیداروں نے بھی پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پارٹی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا عزم کیا اور کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں انکی مدد ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے جس کو ہر صورت ممکن بنایا جائیگا۔