لندن (این این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز لندن میں بادشاہ کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ کے دوران شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کی اور ان کی والدہ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے شاہ چارلس سوئم کو تخت نشین ہونے پر نیک خواہشات پیش کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دولت مشترکہ ممالک کے شہریوں کیلئے تحریک اور طاقت کا سرچشمہ تھیں، پاکستان کے عوام کی ملکہ کے پاکستان کے دو دوروں کے ساتھ خوب صورت یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے، کنگ چارلس دولت مشترکہ ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوئم کا بہت احترام کرتے ہیں اور ان کی جلد آمد اور استقبال کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور مدد پر برطانوی بادشاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔