• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک کیخلاف عوامی ریفرنڈم اہل کراچی کا ترجمان ہوگا، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے خلاف عوامی ریفرنڈم اہل کراچی کا ترجمان ہو گا، ریفرنڈم میں عوام سے رائے لی جائے گی کہ ناجائز ٹیکسز اور اضافی وصولیاں بند نہ کی گئیں تو بجلی کے بل ادا کیے جائیں یا نہیں، عوام نے جو بھی فیصلہ دیا جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی،بجلی کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلٹی ٹیکس اور ٹی وی لائسنس فیس سمیت دیگر ٹیکسوں اور جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر اضافی وصولیوں کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت 23تا 25ستمبر عوامی ریفرنڈم کے دوران جمعہ کو شہر بھر میں مساجد کے باہر عوام سے رائے لی جائے گی، بڑی شاہراؤں، اہم پبلک مقامات، بازاروں اور تعلیمی اداروں میں بھی ریفرنڈم کیمپ لگائے جائیں گے۔ علماء کرام، اساتذہ و طلبہ، وکلاء، تاجروں و صنعتکاروں اور مزدوروں سمیت تمام طبقات اور شعبہ زندگی سے وابستہ افراد سے رابطہ کیا جائے گا، سوشل میڈیا پر بھی عوام سے رائے لی جائے گی اور ریفرنڈم کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے نہ شہر کی ابتر صورتحال بہتر کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزراء امداد و بحالی کے جھوٹے بیانات دے رہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات 16اکتوبر کو اور ضمنی انتخابات اس کے بعد کروائے جائیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں یہاں کے مستقل رہائشی باشندوں خواہ وہ کوئی بھی زبان بولتے ہوں ان کو بھرتی کیا جائے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید