اسلام آباد(جنگ نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی اوراس کا ٹولہ میڈیا پرامداد رکوانے کے لیےمہم چلارہا ہے،عمران خان ریلیف کے کاموں کومتنازع بنانا چاہتے ہیں۔ آپ کواس وقت اسلام آباد پرچڑھائی کے خواب نہیں دیکھنے چاہئیں،پاکستان تاریخ کی بڑی آفت کا سامنا کررہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے فرمایا وزیراعظم پیسے مانگ رہے ہیں،ہم پیسے نہیں مانگ رہے مغربی ممالک سے اپنا حق مانگ رہے ہیں،دنیا میں گیس کے اخراج میں ہمارا ایک فیصد حصہ ہے،ترقی یافتہ ممالک کی کاربن گیس کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں، وزیراعظم نیویارک میں عالمی ضمیرکوجھنجھوڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 1600 سے زائد اموات ہوئیں، ایک شخص اپنی سیاست میں اتنا اندھا ہوگیا ہے،جلسوں میں عمران نیازی مجھے ڈاکو کہتا تھا، عدالت نے عمران نیازی کو حقیقت بتادی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمرانی تبدیلی نے کم ازکم ہمیں 50 ارب ڈالر کا ٹیکا لگایا ہے،عمران نیازی قرضوں،خساروں کا بوجھ چھوڑ کر گئے، اگر اتنے چار چاند لگائے تھے تو چارسالوں میں ترقیاتی بجٹ بڑھنا چاہیے تھا،جب آئی ایم ایف سے معاہدہ سائن کیا تب ان کی غیرت کہاں گئی تھی؟ ۔