• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوں کی ادائیگی، برطانیہ میں شہریوں کو مشکلات، کم کھانے پر مجبور

لندن (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں 50لاکھ افراد اپنے گھروں کے بلوں کی ادائیگی کے لیے غذا کے کم استعمال پر مجبور ہوگئے ہیں۔ یہ بات ایک فلاحی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتائی گئی۔ منی ایڈوائس ٹرسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران اپنے گھروں میں بجلی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر 9میں سے ایک بالغ برطانوی شہری نے ایک وقت کھانا نہیں کھایا۔ اسی طرح ہر 5میں سے ایک بالغ فرد کم از کم ایک بل کی ادائیگی کرنے سے قاصر رہا برطانیہ میں 2022کے دوران گیس اور بجلی کے بلوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور 20فیصد افراد کے مطابق اپریل کے بعد سے بلوں میں ہر ماہ اوسطاً 100برطانوی پاؤنڈز کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے 14فیصد شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ بلوں کی ادائیگی کے لیے گھریلو سامان کو فروخت کرنے پر مجبور ہوئے، جبکہ ہر 5 میں سے 2 افراد نے غیرضروری اخراجات کی کٹوتی کی۔ محققین کے مطابق بیشتر گھرانوں کو مشکل انتخاب کرنا پڑ رہے ہیں، جیسے بجلی کو بحال رکھنے کے لیے دن کے کونسے وقت کی غذا سے گریز کیا جائے۔ خیال رہے کہ روس کی جانب سے گیس سپلائی محدود کیے جانے کے بعد سے یورپ بھر میں توانائی ذرائع کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔