• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلابوں کی تباہی روکنے کیلئے بڑے ڈیم بنائے جائیں، رحمت وردگ

پشاور(نمائندہ خصوصی)تحریک استقلال کے سربراہ رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ بڑے ڈیم بنا کر عوام کو سیلابوں سے ہونے والی تباہی سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔ لاکھوں ایکڑ بنجر زمینوں کو سرسبز و شاداب بنا کر ملک میں زرعی انقلاب بھی لایا جاسکتا ہے پانی سے بننے والی سستی بجلی سے ملک میں صنعتی انقلاب لاکر غربت و بے روزگاری کا بھی خاتمہ کیا جا سکتا ہے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کر کے معاشی بحران پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے آئی ایم ایف کی غلامی سے بھی نجات حاصل کی جا سکتی ہے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ کیا جا سکتا ہے اور پانی سے بننے والی سستی بجلی کے ذریعے فیول سے بننے والی مہنگی بجلی سے بھی عوام کو نجات دلائی جا سکتی ہے رحمت خان وردگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ڈیم بنانا ملک اور عوام کی ضرورت بن چکے ہیں لہٰذا بڑے ڈیموں کو سیاست کا شکار نہ بنایا جائے موجودہ انتخابی نظام ناکام ہو چکا ہے اس انتخابی نظام کے تحت ہونے والے انتخابات میں کروڑوں روپے خرچ کرنے والے سرمایہ دار وجاگیر دار ہی اسمبلی تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ غریبوں کے نمائندوں کا اسمبلی تک پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے لہٰذا جمہوریت کے استحکام عوام کی بالادستی اور لوٹا کریسی کے خاتمے کے لئے متناسب بنیادوں پر انتخابات کروانا چاہئیں۔ رحمت خان وردگ نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے موقع پر متاثرین کا ساتھ دینے کی بجائے سیاست چمکانے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئےکہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے متاثرین کابھر پور ساتھ دینا چاہئیے۔
پشاور سے مزید