• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت زمینداروں کو بیج و کھاد پر سبسڈی اور بجلی کے بل معاف کرے، کسان اتحاد پاکستان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے 3 سے 4 لاکھ ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے ، حکومت زمینداروں کو زرعی اجناس کے بیج و کھاد پر سبسڈی ، بلاسود زرعی قرضے فراہم اور زمینداروں کے بجلی کے بل معاف کرے ،کسان اتحاد مطالبات کے حق میں 28 ستمبر کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائیگا ، دھرنے میں شرکت کیلئے کوئٹہ سے ریلی آج روانہ ہوگی ، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کسان اتحاد پاکستان اپنے مطالبات کے حق میں 28 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد کے سامنے دھرنے دے گا،کسان اتحاد کاکوئٹہ سے قافلہ آج احتجاج کیلئے روانہ ہوگا ، انہوں نے کہا کہ 28 ستمبر کو اسلام آباد پہنچ کر حکومت سے بات چیت کریں گے اگر ہمارے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنا دیں گے ،انہوں نے کہا کہ کسان اتحادنے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد کے سامنے دھرنے اور احتجاج کا اعلان کررکھا ہے جس کے بعد کل سے پنجاب حکومت نے کسانوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کررکھی ہیں اور ہمیں احتجاج موخر کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین سابق وزیراعطم عمران خان پہلے ہمارے مطالبات کی حمایت کرتے رہے ہیں اب ان کی پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب نے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں ہم واضح کردینا چاہتے کہ یہ احتجاج پنجاب حکومت کے نہیں وفاقی حکومت کے خلاف ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر کسانوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے انہیں زرعی اجناس کے بیج اور کھاد پر سبسڈی ، بلا سود زرعی قرضے کی فراہمی کو یقینی بنائے ، زمینداروں کے بجلی کے بل معاف کئے جائیں ۔
کوئٹہ سے مزید