ابریڈفورڈ(زاہدانور مرزا) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنماؤں نے گزشتہ روز لندن میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر مظاہرے اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے کارکنوں کی جس طریقے سے تربیت کی ہے اس کی اعلیٰ مثال اتوار کے دن لندن میں نظر آئی، پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ برطانیہ کے جنرل سیکرٹری حاجی سیف احمد ،صدر پاکستان مسلم لیگ نون یوتھ ونگ نارتھ اینڈ ہمبرسائیڈ اسد سجاد بٹ ،پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ جاوید اقبال ،پاکستان مسلم لیگ نون برطانیہ آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر طارق بٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے لندن میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ طوفان بدتمیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طریقے کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے مٹھی بھر کارکن لندن میں ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر ہلڑ بازی اور نازیبا جملے استعمال کرتے ہیں، ان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لندن میں ان مٹھی بھر کارکنوں نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کردیں اور پاکستان مسلم لیگ نون کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ جو گھٹیا زبان استعمال کی وہ ناقابل قبول ہے اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مٹھی بھر تحریک انصاف کے حامیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ان رہنماؤں نے مزید کہا کہ یہ لوگ ملک و قوم کے نام پر سیاہ دھبہ ہیں۔