• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سلامتی کمیٹی، کورکمانڈرز اور وفاقی کابینہ کے ایک ہی دن اہم اجلاس، معیشت، سیکورٹی کا جائزہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی سلامتی کمیٹی (NSC) نے آڈیو لیکس کے ایشو پر غور کے بعد آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔

وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خاں کمیٹی کے سربراہ ہونگے۔ اجلاس نے مشاورت کے بعد سائبرسکیورٹی سے متعلق ’لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کا بھی فیصلہ کیا ہے،کمیٹی نے سرکاری کمیونی کیشنز کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے مکمل جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق اجلاس نے ملک میں تاریخی تباہ کن سیلاب، متاثرین کے لئے ریسکیو، ریلیف کے اقدامات اور سلامتی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔

اجلاس نے 14 جون 2022 سے ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہارکیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اجلاس نے 3 کروڑ30 لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین کی فوری امداد، محفوظ مقامات پر منتقلی، خوراک، علاج معالجے اورضروری اشیاءکی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

 اجلاس نے سیلاب متاثرین کی زندگیاں بچانے، متاثرین کی محفوظ علاقوں میں منتقلی اور سیلاب میں گھرے افراد تک خوراک اور دیگر اشیاءکی فراہمی بشمول ایڈمنسٹریشن اور اداروں کے ساتھ خاص طورپر آرمی، نیوی اور فضائیہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کیااور مشکل ترین حالات میں خدمت کے جذبے کو سراہا ۔

 اجلاس نے سول سوسائیٹی، میڈیا اور مخیر حضرات کے جذبے اور ایثار کی بھی بھرپور تحسین کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کارخیر میں وہ اسی جذبے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

 اجلاس نے سیلاب متاثرین کی مدد کے دوران بلوچستان، لسبیلہ میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیااور کہا کہ قوم اپنے شہداءاور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔

 اجلاس نے عزم کا اعادہ کیا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی ایک قومی ایجنڈے کے طورپر اولین ترجیح رہے گی اوراہل وطن کی دوبارہ آبادکاری تک اِسی جذبے، توجہ اور اشتراک عمل کو برقرار رکھتے ہوئے خدمات اور اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اہم خبریں سے مزید