• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی اسپرے کے بہانے واردات، مسلح ملزمہ کی فائرنگ، خاتون زخمی، 8 تولے سونا و گاڑی لے اڑے

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 4گاڑیوں 3رکشوں 18 موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی اوردیگراشیاء جبکہ اسلام آبادکے مختلف علاقوں میں شہری ایک گاڑی، تین موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،قیمتی پتھروں ،موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہوگئے۔تھانہ صدرواہ کے علاقہ نیوسٹی فیز1میں محمد عمر کے گھرکےدروازہ پر دستک ہوئی اس کی بھابی مصباح کے پوچھنے پر باہر کھڑے افرادنے کہا کہ ڈینگی وائرس سپرے والے آئے ہیں جن کو اس نے اندر آنے دیا اسی دوران ایک عورت مسلح پسٹل ہمراہ 2 نا معلوم افراد گھر میں داخل ہو گئے مدعی کی بھابی نے اس عورت کو پہچان لیا جس کا نام عائزہ بی بی ہے مدعی کی والدہ کی مزاحمت پر عائزہ بی بی نے فائر کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا جبکہ ملزمان گھر سے 8 تولے سونا مالیتی 10 لاکھ روپے ، 15ہزار روپے اور گاڑی نمبر ایل زیڈ پی -7888 مالیتی 5 لاکھ روپے لے کرفرارہوگئے۔تھانہ شمس کالونی کے علاقہ میں یونیورسٹی کاسٹوڈنٹ ساجدخان پیدل جارہاتھاکہ گلی نمبر24میں دوموٹرسائیکل سواروں نے اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پراسے فائرمارکرزخمی کردیا۔تھانہ رمناکے علاقہ جی ٹین ون میں فائقہ بی بی کے گھرسے 1 2تولہ طلائی زیورات ، 2لاکھ روپے، قیمتی پتھر زمرد مالیتی 50 لاکھ روپے، زرقون مالیتی 9 لاکھ روپے قالین ہاتھ کے بنے ہوئے مالیتی 3 لاکھ روپے ، اورڈی وی آرنامعلوم چورچوری کرکے لے گئے۔تھانہ روات کے علاقہ میں محمد مبشر رحمن فلور ملز میں آٹا لوڈ کرنے کیلے آیا جہاں ایک کار اپلائیڈفارمین گیٹ کے سامنے آکررکی جس میں دو نامعلوم اشخاص سوار تھے جنہوںآواز لگائی کہ گاڑی سے باہر آؤ کیو نکہ تم نے پیچھے ٹکر مار کر راہگیر کو شدید زخمی کر دیا ہے ملزمان زبردستی اس کی جیب سے ڈیڑھ لاکھ روپے،موبائل فون ، شناختی کارڈ ،لائسنس کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ نکال کرلے گئے۔بیرون ملک سے وطن واپس آنے والے شخص کو ائرپورٹ سے گھرجاتے ہوئے کچہری کے قریب لوٹ لیاگیا، تھانہ سول لائنز کو ناظم علی نے بتایاکہ ہاتھ میں میٹرولا سیٹ تھا اور سرکاری کارڈ پہنے افراد نے شناختی کارڈزچیک کئے اور پاسپورٹ و بٹوا چھین کرفرارہوگئے ، بٹوے میں میرا ڈرائیونگ لائسنس ،3سو درہم اورشناختی کارڈ تھا ۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ مسکین آبادمیں مشتاق بھٹی کے گھرکے تالے توڑکر سونا مالیتی 3 لاکھ روپے ،برتن ، اوون مالیتی 3 لاکھ روپے جو کہ بیٹی کی شادی کیلئے رکھے ہوئے تھے ،تھانہ نصیرآبادکے علاقہ رینج روڈپر محمد عثمان کی فارمیسی کے باہر سے 2 طوطے پنجرے سمیت مالیتی ساڑھے تین لاکھ روپے چرا لیے گئے۔تھانہ سول لائنزکو حسن رضا نے بتایا کہ میں ایوب پارک میں جھولوں کا کام کرتا ہوں ،چارپانچ ماہ سے ہمارے سٹور سے سامان غائب ہو رہا ہے جن میں قینچی، جنگلے ، جیک،موٹر پائپ،فریم بمعہ موٹر ، گلری فریم ، ہلی گلی فریم ، کوٹر شافٹ ، ویلڈنگ پلانٹ ، پنکھے وغیرہ شامل ہیں جوکہ اب تک کل سامان مالیتی 30 لاکھ روپے چوری ہوچکاہے۔ تھانہ کورال کے علاقہ سدراں ٹاؤن میں منشیات ونفسیات ہسپتال آیت زہرہ میڈیکل سنٹر میں تین ملزمان داخل ہوئے جنہوں نے اسلحے کی نوک پرسٹاف کویرغمال بنالیا اور ہسپتال منشیات کے علاج کی غرض سے داخل احتشام کو اپنے ساتھ لے گئے جب کہ سٹاف ممبرآصف کاموبائل بھی لے گئے۔تھانہ انڈسٹریل ایریاکے علاقہ آئی نائن میں ریاض الحق کے گھرکے تالے توڑکرنامعلوم چوردس تولے وزنی طلائی زیورات،ایک ڈائمنڈسیٹ مالیتی چھ لاکھ روپے ،کلائی گھڑی ،ایک لاکھ بارہ ہزارروپے اورمکان کی اوریجنل فائل چوری کرکے لے گئے۔تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ کیرج فیکٹری کے سامنے سروس روڈپرتین نامعلوم لڑکوں نے موٹرسائیکل سوارمحمدصہیب کوگن پوائنٹ پرروک کراسے تشدد کانشانہ بنایااوراس کاموٹرسائیکل اورموبائل چھین کرلے گئے۔ دیگر وارداتیں تھانہ رتہ امرال ،تھانہ صدربیرونی ،تھانہ وارث خان،تھانہ بنی ،تھانہ نیوٹاؤن ،تھانہ ائرپورٹ ،تھانہ روات ، تھانہ پیرودھائی ،تھانہ نصیرآباد ،تھانہ صدربیرونی ،صادق آباد ،تھانہ سول لائنز ،تھانہ دھمیال، تھانہ شالیمار ،تھانہ سنگ جانی ،تھانہ شہزادٹاؤن ،تھانہ کورال ،تھانہ کرپا،تھانہ انڈسٹریل ایریا ،تھانہ سبزی منڈی ،تھانہ نون ،تھانہ آبپارہ ،تھانہ سیکرٹریٹ ،تھانہ بھارہ کہو ،تھانہ ترنول کی حدودمیں ہوئیں۔
اسلام آباد سے مزید