• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی فہرستوں میں صنفی فرق کم کرنے کے حوالے سے اجلاس

لاہور( نمائندہ خصوصی) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور میں انتخابی فہرستوں میں مرد اور خواتین کی تعداد میں موجود صنفی فرق کو کم کرنے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن نگہت صدیق نے کی اجلاس میں بنیادی طور پر الیکشن کمیشن کی انتخابی فہرستوں میں موجود صنفی فرق کو کم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور اس فرق کو مزید کم کرنے کیلئے مستقبل میں لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے بات کی گئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر شبیر خان نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اس وقت انتخابی فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں 8.99%کا فرق موجود ہے جبکہ یہ فرق 2017 میں 12.74%تھا۔ الیکشن کمیشن نے 2017 سے لے کر اب تک صنفی فرق کو ختم کرنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے جن میں خواتین کے شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن مہم، پائلٹ پراجیکٹ سروے،ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں اور سٹوڈنٹ آگاہی سیشن قابل ذکر ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الیکشن کمیشن نگہت صدیق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو جامع بنانے کیلئے اور مختلف طبقات کی انتخابی عمل میں شمولیت کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے انتہائی سنجیدگی سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔