لاہور(خصوصی رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی مستحق خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات جاری رکھے گا۔ انھوں نے گزشتہ روز لاہور میں کیمپ سائٹ وسٹا سنٹرل پارک فیروز پور روڈ اور کیمپ سائٹ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بنگالی برکی روڈ کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد مستحق خواتین کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت مفت سموں کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لینا تھا۔سینیٹر روبینہ خالد نے کیمپ سائٹس پر موجود خواتین سے بات چیت کی اور اپنی موجودگی میں انہیں مفت سموں کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے خواتین کو واضح ہدایت کی کہ یہ سمیں بالکل مفت ہیں اور اس حوالے سے کسی شخص کو ہرگز پیسے نہ دیے جائیں ۔