لاہور (کرائم رپورٹر سے)پنجاب پولیس کے تحفظ مراکز کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں قائم پنجاب پولیس کے تحفظ مراکز نے سال 2025 کے دوران کمزور اور محروم طبقات کو تحفظ، معاونت اور بحالی کی مؤثر سہولیات فراہم کیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر کے تحفظ مراکز سے ایک لاکھ سے زائد افراد نے استفادہ حاصل کیا۔ تحفظ مراکز پر 45 ہزار 954 خواتین، 42 ہزار 181 بچوں اور 14 ہزار 388 ٹرانسجینڈرز کو تحفظ اور مدد فراہم کی گئی۔ لاہور میں قائم تحفظ مراکز پر 10 ہزار سے زائد افراد کو مختلف نوعیت کی معاونت فراہم کی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں 3 جبکہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 38 تحفظ مراکز روزانہ کی بنیاد پر معاشرے کے کمزور طبقات کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ مزید برآں، صوبہ بھر کے تحفظ مراکز میں 42 ٹرانسجینڈرز بطور وکٹم سپورٹ آفیسرز فرائض انجام دے رہے ہیں۔