پشاور(جنگ نیوز)پشاور ماڈل سکول بوائز تھری رنگ روڈ میں بیسویں یومِ طلباء کی ایک سادہ اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ابتدائی و ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور کے تحت جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات برائے سال 2022 پشاور ماڈل سکول بوائز تھری میں اول،دوئم اور سوئم آنیوالے طلباء کو میڈلز، توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر اسد سیٹھی، پرنسپل صائمہ طلعت،اساتذہ کرام اورنمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء اور انکے والدین موجود تھے۔ یاد رہے کہ پشاور ماڈل سکول بوائز تھری رنگ روڈ کے اساتذہ نے طلباء کو غیر معمولی تدریس اور رہنمائی سے لیس کیا۔ اس وقت دنیا بھر میں پشاور ماڈل سکول سے فارغ التحصیل طلباؤطالبات زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر اسد سیٹھی کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے بصیرت کی وجہ سے آج پشاور ماڈل ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد ادریس جس نے پشاور ماڈل سکول بوائز تھری میں پہلی اور پشاور بورڈ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی نے کہا کہ اُنکی کامیابی اساتذہ کرام کی انتھک محنت اور والدین کی دُعاؤں کی مرہونِ منت ہے۔