• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفنس چوک ری ماڈلنگ، پوٹھوہار ایونیو کا کام فوری شروع کرنیکی ہدایت

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق ڈیفنس چوک کی ری ماڈلنگ، پوٹھوہار ایونیو(ٹی چوک تا ایوب پارک) کا کام این ایل سی کو فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈیڈلائنز جاری کردی گئیں۔ این ایچ اے کو کہا گیا ہے کہ موبلائزیشن ایڈوانس کی مد میں جتنی جلدی ممکن ہو 2سو ملین روپے جاری کرے۔ یہ ہدایات اعلی سطح کے اجلاس میں جاری کی گئیں جس میں حساس ادارے کے اعلی افسران کے علاوہ ڈی جی این ایل سی،این ایچ اے کے ممبر انجینئرنگ کوارڈینیشن،چیف ایگزیکٹیو آفیسر آئیسکو،پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایل سی سمیت دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیفنس چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کی ٹائم لائن تین ماہ ہوگی جو31دسمبر2022تک ہے۔آئیسکو کو ہدایت کی گئی کہ تمام سروسز کو انڈر گرائونڈ کیا جائے۔فوجی فائونڈیشن ہسپتال اور ڈی ایچ اے فیز ون کی طرف آنے جانےکیلئے موثر ترین ٹریفک پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔این ایل سی،این ایچ اے اور ڈی ڈی اینڈ سی کو کہا گیا ہے کہ پوٹھوہار ایونیو منصوبہ چھ ماہ کے اندر 31 مارچ2023تک مکمل کیا جائے۔ پوٹھوہار ایونیو پر کام شروع کرنے کیلئے ڈی ڈی اینڈ سی نے ڈرائنگ این ایل سی کے حوالے کردی ہیں۔این ایل سی کو کہا گیا ہے کہ وہ کام شروع کرنے کیلئے علاقوں کی فوری نشاندہی کرلے۔اور ان علاقوں میں کام کے دوران صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔پوٹھو ہار ایونیو پر کام اور عوام کی سہولت کے پیش نظر این ایچ اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ نالہ لئی و سواں پلوں پر کام کو بحال کرکے پوٹھوہار ایونیو کے ساتھ ساتھ مکمل کیا جائے۔
اسلام آباد سے مزید