• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پنجابی زبان میں ہی کیوں بنایا گیا؟

ہالی ووڈ فلموں کے اسٹرکچر پر فلم بنانا چاہتا تھا، بلال لاشاری
ہالی ووڈ فلموں کے اسٹرکچر پر فلم بنانا چاہتا تھا، بلال لاشاری 

فلم سازی کے شعبے میں بیرون ملک سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے بلال لاشاری لالی ووڈ کو بالی ووڈ کے مدمقابل دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے ہدایت کار بلال لاشاری نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے فلم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار  کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بالی ووڈ فلموں کی طرح آئٹم سانگ کا کلچر پسند نہیں بلکہ میں ہالی ووڈ فلموں کے اسٹرکچر پر فلم بنانا چاہتا تھا، اس لیے پہلے فلم کا اسکرپٹ انگریزی زبان میں لکھا لیکن بعد ازاں ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کو پنجابی زبان میں ہی بنانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ماضی کی مشہور زمانہ فلم مولاجٹ کے مکالمے اس قدر معروف تھے کہ آج کی نسل جس نے کبھی فلم دیکھی بھی نہیں ہوگی لیکن انہوں نے وہ مکالمے کہیں نہ کہیں سنے ضرور ہوں گے۔

پُرانے مکالمے نئے انداز سے لکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا لیکن ناصر ادیب نے یہ کمال بخوبی کر دکھایا انہوں نے نئی مولاجٹ کے مکالمے بہت دل چسپ لکھے ہیں۔

یہاں انہوں نے یہ واضح کیا کہ دی لیجنڈ آف مولاجٹ پُرانی فلم کا ری میک ہرگز نہیں ہے بلکہ مولاجٹ کے کرداروں کو ایک ٹریبیوٹ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولا جٹ بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہم اپنی ثقافت کو زندہ رکھ سکیں کیونکہ موجودہ نسل اُس وقت کی مشہور و کامیاب فلموں اور پنجابی گنڈا سا کلچر کا مذاق صرف اس لیے اُڑاتی ہے کیونکہ وہ تکنیکی اعتبار سے موجودہ دور سے ہم آہنگ نہیں تھیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم ہماری ثقافت کو دوبارہ زندہ کرے گی، اب اس فلم سے ہم واپس پنجابی گنڈا سا کلچر کے دور میں لوٹ جائیں گے۔

فلم کو درپیش خدشات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب فلم کا آئیڈیا مختلف لوگوں کے ساتھ شیئر کیا تو ہر ایک کے ذہن میں یہ ہی سوال تھا کہ اتنے بڑے بجٹ کی فلم کیسے بنے گی، پھر پنجابی فلم کون دیکھے گا، زمانہ بدل گیا ہے، اب سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی جیسی باکمال اداکاری موجودہ دور میں کون کرے گا۔

لیکن شکر ہے مجھے ایک اچھی ٹیم ملی اور عمارہ حکمت اور اسد خان جیسے پروڈیوسر مل گئے جنہوں نے پروجیکٹ کو دل و جان سے سپورٹ کیا اور مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید