پشاور(نامہ نگارخصوصی)پشاور ماڈل سکول بوائز ٹوورسک روڈ میں 35ویں یومِ طلباءکی ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ابتدائی و ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور کے تحت جماعت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات برائے سال 2022 کے ٹاپ 20 میں جگہ پانے والے طلباءکو میڈلز،شیلڈز اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر اسد سیٹھی، پرنسپل فائزہ عمیر ،وائس پرنسپلز لبنیٰ عامر، فرمان اللہ ، سمیع اللہ ،اساتذہ کرام کے علاوہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباءاور انکے والدین موجود تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسد سیٹھی نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے پشاور ماڈل سکولز اپنے طلباءکو کو آنیوالے معاشی اور معاشرتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اس طرح تعلیمی ، اخلاقی ، تخلیقی اور تحقیقی تربیت دیتے ہیں کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں انہوں نے طلباءپر زور دیا کہ وہ مستقبل میں تخلیق اور تحقیق پر توجہ دیں انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پشاور ماڈل سکولز کی کامیابی اساتذہ کرام کی محنت کی مرہون منت ہے۔ اس موقع پر میڈم زرتاج نے اپنے خطاب میں طلباءکو پوزیشن حاصل کرنے کے رہنما اصول بتائے اس موقع پر کامیاب طالب علموں کے والدین نے کہا کہ وہ پی ایم ایس کی انتظامیہ اور اساتذہ کرام کے بے حد مشکور ہیں جن کی ان تھک محنت کی وجہ سے ان کے بچوں نے پشاور تعلیمی بورڈ میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض جماعت دہم کے احمدکنڈی ،محمد ارشد اور سعد خان نے اداکیئے۔