برسلز (نیوز ڈیسک) یورپی یونین نے مظاہرین پر طاقت کے استعمال پر ایران پر پابندیوں پر اتفاق کرلیا۔ اس سے قبل برطانیہ نے بھی ایرانی حکا م پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ یورپی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے خلاف جس سختی سے تہران میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اس تناظر میں یورپی یونین کے رکن ممالک نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں لگانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے اپنی ٹوئٹ میں کہاکہ ایرانی خواتین اس آزادی اور مساوات کا مطالبہ کر رہی ہیں، جن پر یورپ یقین رکھتا ہے اور ان کے لیے آواز اٹھانا ضروری ہے۔ دوسری جانب ایرانی عدلیہ کے سربراہ نے ججوں کو کہا ہے کہ وہ مظاہرہ کرنے والے افراد کے لیے سخت سے سخت سزا سنائیں۔ غلام حسین محسنی ایجی نے ججوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرفتار مظاہرین سے غیر ضروری ہمدردی ظاہر کرنے سے گریز کریں اور انہیں سخت سزائیں دیں۔ انہوںعدالتوں کو ہدایت کی کہ زیر حراست مظاہرین کے مقدمات فوری نمٹائیں۔