• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمباکو پر ٹیکس، سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے ٹی او آرز طے کر دیئے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) تمباکو کے کاشتکاروں اور مقامی سگریٹ مینو فیکچررز کمپنیوں کے مسائل اور انکے حل کا جائزہ لینے کے حوالے سے قائم سینٹ کی خصوصی کمیٹی نے آئندہ کے ٹی اوآر زطے کر دیئے ہیں جن کے تحت تمباکوفصل کے کاشتکاروں کیساتھ ساتھ مقامی سگریٹ مینو فیکچررز پر ایف بی آر کی جانب سے عائد کئے جانیوالے ٹیکس میں تفاوت کی چھان بین کی جائیگی ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس کنوینر سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹرز سردار محمد شفیق ترین، محسن عزیز ،نسیمہ احسان اور خصوصی طور پر مدعو کئے گئے، سینیٹر دلاور خان اور فیصل سلیم رحمٰن کے علاوہ ایف بی آر حکام، کسان بورڈ اور کاشتکاروں کے نمائندوں نے شرکت کی،کنوینر نے کہاکہ خیبر پختونخواکے تمباکو کے مقامی کاشتکاروں اور مینو فیکچر رز پر ٹیکسز و دیگر معاملات کے حوالے سے متعدد سینیٹرز نے اجلاس میں معاملہ اٹھایا تھا مقامی صنعت بند ہونے کے قریب ہے اور مقامی کاشتکاروں کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،خصوصی کمیٹی ان امور کا تفصیلی جائزہ لیکر تفصیلی رپورٹ تیار کریگی ، اجلاس میں آئندہ کی کارروائی کیلئے حکمت عملی کا تعین کیا جائیگا تاکہ متعلقہ ادارے اس حوالے سے تیاری کر کے آئیں اور معاملات کا جائزہ لیا جا سکے،ارکان کمیٹی نے کہا کہ سیگریٹ کی ملٹی نیشنل اور مقامی کمپنیوں پر ایک جیسا ٹیکس عائد کرنے سے مقامی صنعت متاثر ہو رہی ہے ملک میں د و ملٹی نیشنل کمپنیاں کام کر رہی ہیں اس ٹیکس کے نافذ سے انکی اجارہ داری قائم ہو گئی ہےاور سگریٹ کی مقامی کمپنیوں کو کاروبار کرنے میں مشکلات ہیں، پہلے ایک کلو تمباکو پر دس روپے ٹیکس تھا جو اب 390 روپے کردیا گیا ہے ریفنڈ زکے بھی اس میں مسائل آ جاتے ہیں چھوٹے مینو فیکچررز کے پاس وسائل بہت کم ہوتے ہیں ان پر کم شرح سے ٹیکس عائد ہونا چاہئےتمباکو کی فصل جب تیار ہو جاتی ہے تو 15 دن کے اندر پروسس کرانا ضروری ہوتا ہے ورنہ فصل تباہ ہو جاتی ہے اور پراسس کیلئے ٹیکس دینا لازمی ہوتاہے کنوینر نے کہاکہ کمیٹی کے آئندہ اجلا س میں متعلقہ محکموں کیساتھ ملکرمعاملات کا جائزہ لیاجائیگا کمیٹی ان علاقوں کابھی دورہ کریگی تاکہ زمینی حقائق سامنے آ سکیں۔

اسلام آباد سے مزید