• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان میڈیکل کمپلیکس شعبہ حادثات کی توسیع سمیت منصوبوں کی منظوری

پشاور (خصوصی نامہ نگار) بورڈ آف گورنرز (بی او جی)نے مردان میڈیکل کمپلیکس (ایم ایم سی) کے شعبہ حادثات کی توسیع سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے ان پر فوری طور پر کام شورع کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بورڈ کے چیئرمین عطاءاللہ خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس میں بورڈ ممبرز ڈاکٹر فضل قادر، ڈاکٹر ہارون خان، محمد فہیم، محمد ارشد، ڈاکٹر سبینہ ناز اور ندیم انور ، ڈین باچاخان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عماد حمید، ہسپتال ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، سیکرٹری بی او جی اظہر خان، ڈائریکٹر فنانس محمد شیراز ودیگر نے شرکت کی اور اپنے متعلقہ شعبوں بارے بورڈ کو تفصیلی بریفنگ دی۔بورڈ نے ہستال میں ایچ آئی وی سنٹر کے قیام کی منظوری دی جس سے اس مرض میں مبتلا لوگوں کو مفت سکریننگ، کونسلنگ اور ادویات کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اجلاس نے ہسپتال کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے پی سی ون کی منظوری دی جس کے مطابق پہلے مرحلے میں ایڈمنسٹریشن بلاک اور او پی ڈی میں سولر پینل نصب کئے جائیں گے جس سے ہسپتال کے بجلی بل میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔اجلاس نے یورالوجی، پلاسٹک سرجری اور بچوں کے آپریشن جسے شعبے قائم کرنے کے ساتھ شعبہ امراض چشم اور کان، ناک اور گلہ کیلئے علحدہ آپریشن تھیٹرز بنانے کی بھی منظوری دی۔چیئرمین بی اوجی عطاءاللہ خان طورو نے کہا کہ ادارے میں میرٹ کی بنیاد پر تمام تقررئیاں کی جائیں گی اور تمام امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
پشاور سے مزید