بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) یارکشائر کائونٹی کرکٹ کلب کے چیئرمین لارڈ کملیش پٹیل نے کہا کہ کرکٹ میں نسل پرستی صرف یارکشائر میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ بھر میں مختلف کرکٹ کے شعبوں میں نسل پرستی موجود ہے ۔ یارکشائر میں عظیم رفیق بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مسئلے کو سامنے لائے۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ نسل پرستی کا عظیم رفیق کے علاوہ کئی دوسرے کھلاڑیوں کو بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سلسلے میں ہم نے یارکشائر میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم پریمیئرکرکٹ لیگ اور ڈیوزبری کرکٹ لیگ کی ایوارڈ تقریب میں روزنامہ جنگ لندن اور جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے ساتھ ایک نیامعاہدہ کیا ہے، معاہدے میں کھلاڑیوں کے تبادلے کا پروگرام ہوگا جس کے تحت بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ یہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے اپنے لیے ایک بڑا نام بنانے کے لیے مزید قابل رسائی طریقے پیدا کرنے کا بھی ہدف رکھتا ہے ۔ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لیے لاہور جانے کے لیے یارکشائر کلب سے اسکالرشپ ملے گی ۔ کھلاڑیوں کو قلندرز کی فرسٹ کلاس سہولیات بھی میسر ہوں گی جب کہ پاکستانی نوجوانوں کو بھی یارکشائر کلب میں آنے کاموقع ملے گا۔ معاہدے کے تحت یارکشائر بھر سے دو مرد اوردو خواتین اور یارکشائر کائونٹی کلب سے چار کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز میں ٹیلنٹ پروگرام کے تحت بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کرکٹ لیگ گزشتہ 30برس سے باصلاحیت نوجوانوں کو سامنےلا رہی ہے۔ قائداعظم کرکٹ لیگ اس وقت بنی تھی جب نوجوانوں کو کسی دوسری لیگ میں شامل ہونے کا چانس نہیں ملتا تھا۔ آج خوشی ہے لیگ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ اس موقع پر کرکٹ کے پہلے سیاہ فام ایمپائرجان ہولڈر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے کھیل میں نسل پرستی اس سے کہیں زیادہ پھیلی ہوئی ہے، جتنا ہم سمجھتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ ہر ایک کے لیے ایک برابر کا میدان ہو۔موجودہ نظام سفید فام لوگوں کے حق میں بہت زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ سفید فام لوگوں کا جینٹل مینزکھیل نہیں بلکہ باقی کھیلوں کی طرح یہ بھی سب کاپسندیدہ کھیل ہے۔ اس میں تفریق نہیں ہونی چاہئے۔ سابق یورپی ممبر پارلیمنٹ اور یارکشائر کرکٹ کلب کے ٹرسٹی امجد بشیرنے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ تمام کمیونٹی کوکائونٹی کلب میں یکساں مواقع ملیں، ہمیں متحد ہو کر آگےبڑھنا ہو گا۔ قائداعظم پریمیئر لیگ کے بانی خواجہ بشارت حسین نے کہا کہ قائداعظم پریمیئر لیگ جہاں نوجوانوں کےلیے کرکٹ کھیلنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، وہاں یہ اپنے ملک کا نام بھی روشن کر رہی ہے، نوجوانوں کو قائداعظم جنہوں نے پاکستان بنایا ان کی تاریخ سے بھی آگاہی ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ لیگ نے بلا تفریق ہر رنگ ونسل کے لئے دروازے کھولے ہیں۔ اس موقع پر سیزن میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور ایوارڈ دیئے گئے۔ ایوارڈ تقریب میں یارکشائر بھر سے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔