تہران (نیوز ڈیسک) ایران میں 16ستمبر سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکوری فورسز کے ہاتھوں 224شہری ہلاک ہوئے۔ ہلاک شدگان میں 29نو عمر اور بچے بھی شامل ہیں۔ یہ بات ایک انسانی حقوق گروپ نے اپنی رپورٹ میں بتائی۔ رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 24 ایرانی سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔انسانی حقوق گروپ کے مطابق اب تک سیکورٹی فورسز نے تقریبا 6ہزار مظاہرین کو حراست میں لیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی صوبے فارس میں مزید 2سیکورٹی اہل کار ہلاک ہوگئے۔ وہ مہسا امینی کے حق میں وال چاکنگ کرنے والے احتجاجی کارکنوں کا تعاقب کر رہے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔مرنے والوں میں ایک کا تعلق پاسداران انقلاب سے ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ احمد واحدی کا کہنا ہے کہ بیرونی قوتیں ایران میں بدامنی کے پیچھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا مظاہرین کو بیرونی طاقتیں ہی تربیت اور وسائل دے رہی ہیں۔