• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این ایچ ایس نے ہزاروں نرسوں کی بھرتی کیلئے ملک گیر مہم شروع کردی

لندن (پی اے) این ایچ ایس نے ہزاروں نرسوں کی بھرتی کیلئے سالانہ ملک گیر مہم شروع کردی، پورے انگلینڈ میں نرسوں کی کم وبیش 10ہزار اسامیاں خالی ہیں، یہ مہم ایک ایسے وقت شروع کی گئی ہے جب این ایچ ایس کا عملہ موسم سرما کے دوران فلو اور کوویڈ کے متوقع چیلنج سے نمٹنے کی تیاری کر رہا ہے۔ نرسوں کی بھرتی کی اس مہم کا عنوان رکھا گیا ہے کہ ہم این ایچ ایس ہیں اور اس کے دوران انسانوں کی جانیں بچانے کے حوالے سے نرسوں کے کردار کو اجاگر کیا جا رہا ہےا ور ایسے مریضوں کے مشاہدات سنائے جا رہے ہیں، جو یہ کہہ رہے ہیں کہ نرسوں نے کس طرح انھیں صحتیاب ہونے میں مد د دی۔ این ایچ ایس انگلینڈ کا کہنا ہے کہ 60 فیصد سے زیادہ لوگ اگلے سال اپنا پیشہ تبدیل کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور نرسنگ کی ڈگری سے ملازمت ملنے کے امکانات قوی ہوجاتے ہیں۔ این ایچ ایس کے مطابق نرسنگ کی ڈگری لینے والوں کو ڈگری ملنے کے 6 ماہ کے اندر ملازمت مل جاتی ہے، اس وقت این ایچ ایس میں نرسنگ، مڈوائفری اور صحت سے متعلق گھروں پر جانے والے عملے کی کم وبیش 46,828 اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ نرسنگ کی ملازمت حاصل کرنے والوں کیلئے یہ ضروری نہیں کہ وہ ہسپتالوں یا جی پیز کے ساتھ ہی کام کریں بلکہ وہ مریضوں کے گھر پر، سکولوں اور جیل خانوں میں بھی کام کرسکتی ہیں، اب جبکہ موسم سرما شروع ہونے والا ہے اور این ایچ ایس اپنی سروسز کو فعال بنا رہا ہے، نرسوں کی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہ بات واضح ہے کہ نرس روزانہ صحت سے متعلق خدمات انجام دیتی ہیں، اس لئے جو لوگ پیشہ تبدیل کرنے کے حوالے سے غور کر رہے ہیں، وہ نرسنگ کی طرف توجہ دیں جس سے حقیقئ معنوں میں تبدیلی واضح ہوگی اور مشاہرہ بھی زیادہ ملے گا۔ انگلینڈ کی چیف نرس رتھ مے کا کہنا ہے کہ مجھے این ایچ ایس میں نرس ہونے پر فخر ہے اور مجھے اپنے تمام ساتھیوں پر فخر ہے، جنھوں نے حالیہ برسوں کے دوران ہیلتھ سروسز کو پیش آنے والے چیلنجوں کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور مریضوں کو بہترین خدمات کی فراہمی جاری رکھی۔ یہ حقیقی معنوں میں اعزاز بخشنے والی ملازمت ہے۔2017میں موٹر سائیکل کے ایک حادثے میں مفلوج ہوجانے والے 32 سالہ بین ٹانسلے بھی، جن کے حادثے کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی بری طرح متاثر ہوئی تھی، نرسوں کی بھرتی کی اس مہم کا حصہ ہے۔ بین ٹانسلے کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ہسپتال پہنچائے جانے کے بعد سے 3 ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے دوران مجھے ہر طرح کی دیکھ بھال اور سپورٹ ملی، میں ہر ایک کو نرسنگ کا پیشہ اختیار کرنے کا مشورہ دوں گا کیونکہ اس کے ذریعہ آپ کسی کی زندگی میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ نرسوں کی اس بھرتی مہم کے دوران این ایچ ایس نے نرسنگ کے مختلف کرداروں کے بارے میں لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کیلئے ایک سوالنامہ بھی جاری کیا ہے۔ نرسنگ، مڈوائف اور صحت سے متعلق کسی بھی شعبے کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کو دوران تعلیم وتربیت کم از کم 5,000پونڈ سالانہ ادائیگی کی جاتی ہے۔ این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ بھرتی کی اس مہم سے صحت عامہ کے شعبوں کی تعلیم اور تربیت حاصل کرنے کے امیدواروں کی درخواستوں میں اضافہ ہوا ہے۔ این ایچ ایس نے نرسوں کی بھرتی کی یہ مہم گزشتہ ماہ یہ بات سامنے آنے کے بعد شروع کی ہے کہ انگلینڈ میں ریکارڈ تعداد میں نرسیں این ایچ ایس کو خیر باد کہہ رہی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال 40,000 سے زیادہ افراد نے ہیلتھ سروس کو خیرباد کہا تھا۔ بی بی سی کیلئے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے والے تھنک ٹینک نفیلڈ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ ملازمت چھوڑ کر جانے والوں میں انتہائی اعلیٰ مہارت اور صلاحیت رکھنے والی نرسیں شامل ہیں۔ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ اس بات کے شواہد ملے ہیں کہ کام کے غیرمعمولی دبائو اور بہتر حالات کار کی ضرورت کے تحت لوگ یہ پیشہ ترک کر رہے ہیں۔

یورپ سے سے مزید