اسلام آباد(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستا ن کے مابین ڈیڑھ ارب ڈالرز کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اوروزیر خزانہ بھی شریک ہوئے،پاکستان کو یہ قرضہ بریس پروگرام کے تحت فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے ترقیاتی شراکت داروں بالخصوص ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالرز کی بجٹ سپورٹ کو سراہا اور اے ڈی بی بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی معاشی مشکلات کم ہونگی،ایک اور پیغام میں انہوں نے کہاکہ معیشت کو درپیش خطرات کی روک تھام کیلئے نئی سوچ و جرأت مندانہ ویژن کی ضرورت ہے۔گزشتہ روز وزیراعظم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مستاسوگو ا سا کاو اور ان کی پوری ٹیم کے حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرنے کو سراہا،ایشیائی ترقیاتی بینک ، عالمی بینک ، یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر سیلاب کے بعد نقصان کا تخمینہ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو 30ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مستقل بحالی پر زور دیتے ہوئےامید ظاہر کی کہ اے ڈی بی کا 1.5ارب ڈالر کا قرض پاکستان کی معاشی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا۔اے ڈی بی کے نائب صدر شی ژن چھی جنہوں نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی،نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اے ڈی بی بورڈ نے گزشتہ جمعہ کو رقم کی منظوری دی تھی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان کی معیشت کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔