اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایران میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول میںپاکستانی فلموں کی نمائش کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کیساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میںتعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ایرانی فلمساز حکومت پاکستان کی جانب سے فلم انڈسٹری کیلئے دی گئی مراعات سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے او آئی سی وزراء اطلاعات کانفرنس کے 12 ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر ثقافت محمد مہدی اسماعیلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور عوام کی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔