• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ ایم سی پشاور میں ہیموفیلیا آگاہی سیمپوزیم کا انعقاد

پشاور ( وقائع نگار )میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹوشن حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں ہیموفیلیا پیشنٹ ویلفئیر سوسائٹی پشاور کے تعاون سے خون بہنے کی موروثی بیماری (ہیموفیلیا) کے جدید طریقہ علاج کےحوالے سے آگاہی کے لئے ایک روزہ سیمپوزیم کا انعقاد کیا گیا جسمیں پیدائشی طور پر بچوں میں موجود خون کی اس بیماری کے حوالے سے خیبر پختونخوا اور پاکستان کے اعدادو شمار کے علاوہ اس بیماری کے طریقہ علاج اورادویات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ ہیموفیلیا کے ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں 1999سے 2020تک تقریبا 4لاکھ افراد ہیموفیلیا میں مبتلاء ہیں۔ ایچ ایم سی پشاور کے ہیماٹالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شاہتاج نے کہا کہ ہیموفیلیا عام طور پر ایک موروثی خون بہنے کی بیماری ہے جس میں خون ٹھیک طرح سے جم نہیں پاتا اور جسم کے مختلف حصوں سے رستا ہے اس بیماری میں خون بہنے کے ساتھ ساتھ چوٹوں یا سرجری کے بعد بھی خون بہنے کا سلسلہ مشکل سے تھمتا ہے جس سے اکثر مریض جان کی بازی ہار جاتے ہیں، اسلئے اس بیماری کے بارے میں نہ صرف عوام میں بلکہ شعبہ طب کے ماہرین میں بھی آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہیموفیلیا کے مریضوں کا طریقہ علاج مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انکا کہنا تھا کہ ایچ ایم سی میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے ساتھ ساتھ ہیموفیلیا کے مریضوں کو بھی مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے اور اس وقت ہسپتال میں ہیموفیلیا کے 783مریض رجسٹر ہیں جنکا علاج جاری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرشہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ایچ ایم سی پشاور نے ہمیشہ اس بیماری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے اور مریضوں کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لا کر مفت علاج فراہم کیا ہے، آگے بھی حکومتی سطح پر اس بیماری کے مفت علاج کے لئے کو ششیش جاری رکھیں گے۔ ایک روزہ سیمپوزیم میں ہیموفیلیا کے تعارف،جدید طریقہ علاج ، ہسپتال میں اس حوالے سے کئے گئے اقدامات، اس بیماری میں چھپی مشکلات اور اس بیماری کے دوران پھر سے بحالی کے طریقہ کار پر شعبہ طب کے ماہرین نے سیر حاصل کفتگو کی۔ سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر زاہد امان ڈین ایم ٹی آئی ایچ ایم سی و کے جی ایم سی، پرفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر میڈیکل ڈائریکٹر ایچ ایم سی، ڈاکٹر شہزاد فیصل ہسپتال ڈائریکٹر کے علاوہ ڈاکٹر شاہوانہ شاہد کنسلٹنٹ ہیماٹالوجسٹ شفاء انٹرنیشنل اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ ظفرڈائریکٹر ہیموفیلیا ٹریٹمنٹ سنٹر و کنسلٹنٹ ہیماٹالوجسٹ راولپنڈی ، پروفیسر ڈاکٹر لبنی ظفرکنسلٹنٹ ہیماٹالوجسٹ فاونڈیشن یونیورسٹی میڈیکل کالج اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر شاہتاج چئرپرسن ہیماٹالوجی ڈیپارٹمنٹ ایچ ایم سی و میڈیکل ایڈوازری بورڈ ہیموفیلیا فاونڈیشن پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر خالد خان چیئرمین پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ ایچ ایم سی، ڈاکٹرامجد علی فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ، ہسپتال کے دیگر عملے اور طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پشاور سے مزید