کیا گھر کیا آفس اور کیا دوستوں کی بیٹھک، پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کارکردگی پر ہر جگہ ہی بحث جاری ہے۔
پاکستان میں شائقین کرکٹ نے بابر الیون کی کارکردگی پر سخت غصے اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پوری ٹیم کو ہی بدلنے کا مطالبہ کردیا۔
مداحوں نے زمبابو کے خلاف شکست کو سانحہ بھی قرار دیا اور کہا کہ یہ برسوں یاد رہے گا۔
پاکستان میں شہریوں نے سوال اٹھایا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کی دہشت کہاں گئی؟ اور کہا کہ زمبابوین پیسرز نے پاکستانی بیٹنگ کے بخیئے ادھیڑ دیئے۔
پاکستان کی زمبابوے کےخلاف شکست کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز بھی بنائی جارہی ہیں۔
ایک اکاؤنٹ سے دکھایا گیا کہ زمبابوے میں میچ سے متعلق خبر کیسے پڑھی گئی ہوگی۔
انٹرنیٹ پر صارفین میچ کے بعد ایک مرتبہ پھر اصلی اور نکلی مسٹر بین کو درمیان میں لے آئے۔
سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اصلی اور نقلی مسٹر بین کی تصویر شیئر کی۔
اس شکست کے بعد میمز کے ذریعے انٹرنیٹ پر پاکستان ٹیم کے لیے اگلے مرحلے میں نہ جانے کی پیش گوئی بھی کردی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی تھی۔