تہران ( نیوز ڈیسک) ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم ہیکروں کے زد میں آگئی اور حملہ آوروں نے خفیہ معلومات افشا کردیں۔ جوہری توانائی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس کے ذیلی اداروں میں سے ایک محکمے کا ای میل سرور بیرون ملک سے ہیک کرکے تمام معلومات آن لائن جاری کی گئی ہیں۔ ادھر بلیک ریوارڈ نامی ایرانی ہیکنگ گروپ نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اس نے ایران میں مظاہروں کی حمایت کے لیے ایرانی جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے ہیک شدہ معلومات جاری کی ہیں۔ بلیک ریوارڈ نے بتایا کہ جاری کردہ معلومات پاور پلانٹ کے انتظام اورآپریشنل شیڈول کے حوالے سے ہیں۔ اس کے علاوہ وہاں کام کرنے والے ایرانی اور روسی ماہرین کے پاسپورٹ ، ر ویز، ملکی اور غیر ملکی شراکت داروں سے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے بھی تفصیلات شامل ہیں۔ ایٹمی توانائی کی تنظیم جنرل ڈپارٹمنٹ آف پبلک ڈپلومیسی اینڈ انفارمیشن نے جاری کردہ معلومات کو خاص اہمیت نہیں دی اور کہا کہ ہیکروں کا مقصد صرف عوام کی توجہ احتجاج کی جانب مبذول کروانا تھا۔ دوسری جانب ایران کے صوبے مغربی آذربائیجان میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق زیر حراست افراد اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرتے ہیں۔ ملزمان موساد کے افسران سے رابطے میں تھے اور ایرانی انٹیلی جنس کے اسرائیل سے متعلق محکمے کی مخبری کررہے تھے۔