پاکستانی مسٹر بین آصف میمن زمبابوے کی جانب سے اپنے اوپر الزام عائد کیے جانے پر برہم ہوگئے، انہوں نے زمبابوے کی حکومت کو اپنے خلاف کیس کرنے کا چلینج دے دیا۔
نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے آصف میمن نے کہا کہ زمبابوے کی جانب سے میرے متعلق غلط تاثر دیا گیا، اگر میں نے دھوکا دیا ہے تو وہ مجھ پر کیس کرسکتے ہیں، میں اس کا ضرور سامنا کروں گا۔
پاکستانی مسٹر بین کا کہنا ہے کہ انہوں نے زمبابوے کو بالکل دھوکا نہیں دیا، بلکہ وہاں پر مجھے ایک کاروباری آدمی نے بلایا تھا، جنہوں نے مجھے دعوت دی تھی اور ایونٹ میں پرفارم کرنے کا معاوضہ بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وہاں کے لوگوں کو انٹرٹین کیا تھا، زمبابوے کی جانب سے مجھے بھرپور پروٹوکول بھی دیا گیا تھا۔
پاکستانی مسٹر بین نے کہا کہ اچانک چھ سال بعد ان لوگوں کو یہ معاملہ کیسے یاد آیا؟ اس کی وجہ زمبابوے کے ایک شخص کی جانب سے ٹوئٹ کیے جانا بنی ہے، جس کے بعد لوگوں نے مجھے اور پاکستان کو ٹرول کرنا شروع کر دیا۔
اپنے فنی کیرئر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے آصف میمن نے کہا کہ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز جیو ٹی وی سے کیا جس کے بعد انہیں دنیا بھر میں ایک پہچان ملی، مسٹر بین کا کردار مجھے بہت پسند آیا اور میں نے اسے نبھانے کی بھرپور مشقیں بھی کی، جس میں مجھے بہت حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔
آصف میمن کا کہنا تھا کہ وہ ایک کاروباری شخصیت ہیں اور کراچی میں اپنا پراپرٹی کا بزنس کرتے ہیں جبکہ اداکاری تو صرف شوق ہے، جس کی وجہ سے ان کی آمدنی میں اضافہ ہوجاتا ہے، انسان کو روزگار جہاں سے ملے اسے ضرور حاصل کرنا چاہیے مگر غلط طریقے سے نہیں صرف جائز اور حلال طریقے سے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو ایک رنز سے ہرادیا تھا، جس کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈمبڈزو نانگاگوا نے بھی پاکستانی ٹیم کو ٹرول کیا تھا۔
زمبابوے کے صدر نے اپنے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف جیت کی مبارکباد دی تھی اور یہ بھی تحریر کیا تھاکہ ’آئندہ اصلی مسٹر بین بھیجیں۔‘ جس کے بعد پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انہیں واضح جواب دیا تھا۔
وزیراعظم نے زمبابوے کے صدر کو سوشل میڈیا پر مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے پاس اصلی مسٹر بین نہیں لیکن ہمارے پاس اصل کرکٹ کا جذبہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خوشگوار انداز میں مزید لکھا کہ ہم پاکستانیوں کو واپس آنے کی مضحکہ خیز عادت ہے۔
شہباز شریف نے زمبابوے کے صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ آپ کی ٹیم نے بہت اچھا کھیلا۔
یاد رہے کہ 3 ستمبر 2016 کو زمبابوے کے دارالحکومت میں ہرارے کے ایگزیبیشن پارک میں ایک زرعی شو منعقد ہوا تھا، جس میں پاکستانی مسٹر بین (آصف میمن) نے شاندار پرفارمنس سے شو کا میلہ لوٹ لیا تھا۔