• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس اور چین کیلئے مشرق وسطیٰ خالی نہیں چھوڑیں گے، امریکا

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت مشرق وسطیٰ کو روس اور چین کے لیے خالی نہیں چھوڑے گی۔ امریکی وزارت خارجہ کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری جین گویٹو نے کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ کے ساتھ جڑا رہے گا۔انہوں نے اٹلانٹک کونسل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں روس اور ایران کے درمیان اتحاد پر گہری تشویش ہے۔ ہمارے پا س ماسکو کو ایرانی ڈرون کی فراہمی کے مضبوط شواہد موجود ہیں۔ ہم مشرق وسطیٰ سے اتنا دور نہیں جائیں گے کہ جس سے کوئی خلا پیدا ہوا اور اسے ہمارے بعد چین ، روس یا ایران پورا کریں۔ امریکا اس بات کو اچھی طرح سمجھتا ہے کہ ایران بغداد کے حوالے سے ایک اہم شراکت دار ہے۔ ایران اور اس کی حامی ملیشیا وں کی طرف سے عراق کے لیے خطرات اور حملے عراقی اقتدار اعلیٰ اور خود مختاری کی نفی کرتے ہیں۔ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیائیں عراق کی سلامتی کے حوالے سے امور کا حصہ نہیں ہیں۔ دوسری جانب امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے چین پر عدالتی نظام میں مداخلت کا الزام عائد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 چینی شہریوں نے انٹیلی جنس کے لیے کام کرتے ہوئے امریکا میں شہریوں کے حقوق اور آزادیوں سے متعلق امور میں مداخلت کی۔ میرک گارلینڈ نے 2 چینی جاسوسوں پر الزام عائد کیا کہ وہ چینی مواصلاتی کمپنی کے مقدمے پر اثرا انداز ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
یورپ سے سے مزید