پشاور (نامہ نگار ) پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفرڈ گریناس نے پشاور میں بیوٹیفیکیشن کے منصوبوں ، معذور افراد کی معاونت اور منشیات بحالی سینٹرز سمیت فضائی آلودگی کے خاتمے اور ٹریفک منیجمنٹ کے ساتھ ساتھ پشاور کے عوام کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ کے ساتھ جرمن حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے، اس بات کا اعلان انہوں نے منگل کے روز پشاور میں میئر پشاور حاجی زبیر علی کے ساتھ ملامات میں کیاہے، ملاقات میں سابق ضلع ناظم حاجی غلام علی بھی موجود تھے، جرمن سفیر الفرڈ گریناس اور میئر پشاور حاجی زبیر علی نے مستقبل میں مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے اور جدید دور کے جدید تقاضوں کے مطابق تجربات کے تبادلے سمیت دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی پر اتفاق کیا ہے ، میئر پشاور کے مطابق جرمنی کی حکومت پشاور کی بیوٹیفیکیشن ، معذور افراد کی معاونت اور منشیات بحالی سینٹرز سمیت فضائی آلودگی کے خاتمے اور ٹریفک منیجمنٹ کے ساتھ ساتھ پشاور کی عوام کو بہترین میونسپل سروسز کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ کے ساتھ اپنا مکمل تعاون کریگی ۔جرمنی کے سفیر کو سٹی کونسل ہال آنے پر سابق ضلع ناظم حاجی غلام علی اور میئر پشاور حاجی زبیر علی نے خوش آمدید کہا ۔ جرمن سفیر نے ہال میں موجود تحصیل چیئرمینز ،خواتین ممبرز اور منتخب این سی و وی سی کے چیئرمینوں سے ملاقات کی ۔جرمنی کے سفیر کی آمد کے موقع پر باقائدہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں میئر پشاور اور جرمن سفیر نے تمام بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں کیے جانے والے مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی ۔ جرمنی کے سفیر الفرڈ گریناس کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر انتہائی خوشی ہوئی اور پشاور میں آکر جو پیار ملا وہ کبھی نہیں بھلا سکوں گا۔ انہوں نے کہاکہ پاک جرمن دوستی اور مضبوط تعلقات کو 71 سال سے زائد ہوچکے اور ہماری خواہش ہے کہ یہ تعلقات مذید بہتر کیے جائیں ۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ، صحت و تعلیم اور لوکل گورنمنٹ سسٹم پر مل کر کام کیا جائیگا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاسکے اور اسکے ثمرات عوام تک پہنچائے جاسکیں ۔ جرمن سفیر نے اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی کا شکریہ ادا کیا کہ انکی دعوت پر سٹی میٹروپولیٹن گورنمنٹ میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ نہ صرف ملاقات کا شرف ملا بلکہ بات چیت سے کئی ایک نئی چیزیں واضح ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میئر حاجی زبیر علی کی اعلیٰ قیادت ، مسائل کے ادراک اور پشاور کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کے ویژن سے متاثر ہوا ہوں اور میری کوشش ہوگی کہ پشاور کی تعمیر و ترقی کے لیے پائلٹ پراجیکٹس شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے میئر پشاور کو دعوت دی کہ وہ پائلٹ پراجیکٹ کے باقاعدہ پیپر تیار کرکے ان سے جرمن ایمبیسی میں خصوصی ملاقات کرے تاکہ اس شہر کے لیے ا س نوجوان کے ویژن کے مطابق کچھ کرسکوں ۔اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے اپنے خطاب میں جرمن سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں میونسپل سروسز کے حوالے سے خصوصی طور پر جرمنی کی حکومت کے ساتھ تجربات کا تبادلہ کرکے استفادہ حاصل کیا جائے اور ٹریفک نظام کی بہتری ، سکولوں کی اپگریڈیشن ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال ، فضائی آلودگی کے خاتمے ، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے جدید نظام ، معذور افراد کی مکمل معاونت، منشیات سے بحالی کے سینٹرز ، اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں مل جل کر کام کیا جائے ۔ آخر میں میئر پشاور حاجی زبیر علی ، حاجی غلام علی ، تحصیل چیئرمینز ، سمال چیمبر آف کامرس اور کاروباری تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود نے جرمن سفیر کو اپنی جانب سے روائتی کلہ ، چترالی ٹوپی ، روائتی شال ، اور دیگر تحائف بھی دیئے۔