لندن (جنگ نیوز) پاکستان کے معروف پرائیویٹ بینکوں میں سے ایک حبیب بینک لمیٹڈ نے ’’روشن رہو‘‘ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ مہم کے ایک حصے کے طور پر ایک کارپوریٹ ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے بارے میں آگاہی دی گئی، تقریب میں مختلف کاروباری شخصیات سمیت پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان ، حبیب بینک لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریٹیل پروڈکٹس سید محسن علی شاہ اور ہیڈ ویمن مارکیٹ پروگرام اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ شازیہ گل نے شرکت کی۔ سید محسن علی شاہ نے فورم سے خطاب کیا اور حکومت پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے لئے ایک آسان اور قابل اعتماد مالیاتی چینل بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی پزیرائی پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ حبیب بینک لمیٹڈ کی ٹیم نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور اس سے وابستہ ویلیو ایڈڈ سروسز اور حبیب بینک لمیٹڈ بینک کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کے سادہ اور آسان طریقے کے بارے میں بریفنگ بھی پیش کی۔ شرکاء کو ان کے تمام مالی لین دین کو ڈیجیٹل طور پر انجام دینے کے آسان عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ صارفین کو روشن اپنا گھر، روشن اپنی کار اور روشن سماجی خدمت جیسی ویلیو ایڈڈ سروسز کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک اور حبیب بینک لمیٹڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ حبیب بینک لمیٹڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پاکستانی تارکین وطن کی گراں قدر معاشی خدمات کا اعتراف کیا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ آئی پی جی گروپ کے سی ای او جواد غلام رسول نے ’’روشن رہو‘‘ مہم کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک کا ایک عظیم اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی جی گروپ اورپارٹنر بینک کی جانب سے اس مہم کو آسان بنانے اور پاکستان کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر اور اعزاز حاصل ہے واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ اور اب برطانیہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی کے بعد آئی پی جی گروپ باقی یورپ اور شمالی امریکہ کی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے کیلئے پر عزم ہے۔