پشاور (وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن (خدمات کمیشن)کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سمعیہ سرور شاہ سمیت ماتحت محکموں کے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں محکموں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بات چیت ہوئی اور افسران پر زور دیا گیا کہ اپنے محکموں کی ماہانہ رپورٹ مستقل بنیادوں پر رائٹ ٹوپبلک سروسز کمیشن (خدمات کمیشن)کو بھجوائیں اور عوامی درخواستوں اور شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور متعلقہ محکمے اس ماہ کی دس تاریخ تک اپنے دفاتر کے باہردی جانے والی سروسز کی مکمل تفصیلات آویزاں کریں جس میں سروس کا نام اور اس کی فیس (اگر کوئی ہو تو)کے بارے میں آگاہی ہواور زمہ دار اہلکاروں کے نام اور نمبرات اور اگر وہ سروس دینے میں ناکام ہوئے تو ان کے مجاز افسران کے نام درج ہوں اور آخر میں حتمی اپیل کے لیے رائٹ ٹو سروس کے افسران کے نام اور نمبرات بھی درج کیے جائیں تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ان کو رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن (خدمات کمیشن) کے بارے میں مکمل معلومات اور آگاہی دی جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ افسران جو کہ اپنے محکموں کی رپورٹ مستقل بنیادوں پر نہیں بھجوا رہے ان کے خلاف رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن (خدمات کمیشن)کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس کے ساتھ 37 نئی خدمات کو بھی رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں شامل کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے