ایمسٹرڈیم (نیوز ڈیسک) ہالینڈ کی حکومت نے کہا ہے کہ چین بیرون ملک قائم پولیس اسٹیشن فوری طور پر بند کر دے۔ بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ کے مراکز کو مخالفین کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ڈچ میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایمسٹرڈیم اور روٹرڈیم میں چینی پولیس کے اسٹیشنوں کے بارے میں انکشاف کیا تھا۔ ستمبر میں اسپین میں قائم این جی او سیف گارڈ ڈیفنڈرز کی تحقیقات کے نتیجے میں یہ رپورٹیں سامنے آئیں، جن میں بتایا گیا کہ چین نے دنیا بھر میں 54سمندر پار پولیس مراکز قائم کیے ہیں، جن میں سے 2ہالینڈ کے اندر کام کر رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ برطانیہ اور کینیڈا میں 3تین مراکز ہیں۔ ہالینڈکے وزیر خارجہ ووپک ہوئکسٹرا نے ٹوئٹر پر کہاکہ ان اسٹیشنوں کے قیام کے لیے ہالینڈ کی حکومت سے کوئی اجازت نہیں لی گئی ،جس کے باعث وہ غیرقانونی ہیں ۔ انہیں فوری طور پر بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چینی سفیر سے اسٹیشنوں کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی،جب کہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع ہوگئی ہے۔