بارسلونا (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ایم پی اے چوہدری نوید اشرف نجی دورہ پر اسپین کے شہر بارسلونا پہنچ گئے۔ بارسلونا کی معروف کاروباری شخصیت شہزاد بھٹی،شیخ محمد طیب، اسپین اور برطانیہ کے معروف بزنس مین چوہدری واصف نزیر بجاڑ اور بارسلونا کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری عدنان عدیل دھوتھڑ اور چوہدری علی نوشابر وڑائچ نے مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما چوہدری نوید اشرف کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔ایم پی اے چوہدری نوید اشرف کے ہمراہ ان کے کزن چوہدری حسن جاوید بھی تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری نوید اشرف نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان مشکل حالات سے دوچار ہے۔ ان حالات میں عوام اور حکومت سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک کی بہتری کےلیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو مشکل ترین حالات میں اقتدار ملا اور بہت سے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دانشمندی کے ساتھ ملک کی ناؤ کو بہتری کی جانب گامزن کیا ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے وطن عزیز کےلیے کردار کو زبردست انداز میں سراہا۔ پروگرام کے میزبان شہزاد بھٹی نے مہمان خصوصی کی بارسلونا آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ہم لوگ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کےلیے کوشاں ہیں۔اسپین اور برطانیہ کی سیاسی سماجی شخصیت چوہدری واصف نزیر بجاڑ نے کہا کہ ہم پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی خاطر ہر سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے چوہدری نوید اشرف کو بارسلونا میں خوش آمدید کہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چوہدری عدنان عدیل دھوتھڑ نے کہا کہ ہمیں اوورسیز میں سیاسیات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی ترقی کےلیے کوشاں رہنا چاہئے۔شیخ محمد طیب نے کہا کہ ہمیں پارٹی بازی کی سیاست کرنے کی بجائے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے متحد رہنا چاہئے۔ انہوں نے مسلم لیگی ایم پی اے چوہدری نوید اشرف کی بارسلونا آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ سربلند رہے گا۔ پروگرام میں تمام دوستوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کےلیے اوورسیز پاکستانی ہمہ وقت تیار ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کےلیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔