تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی حکام نے دوران حراست ہلاک ہونے والی مہسا امینی کے والد کا انٹرویو کرنے والی خاتون صحافی کو گرفتارکرلیا۔ خبررساں ادروں کے مطابق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سیکورٹی فورسز نے مہسا امینی کے والد کا انٹرویو شائع کرنے پر نازلہ معروفین کو گرفتار کیا ہے۔ خاتون صحافی نے اپنے گھر والوں کو فون کر کے بتایا کہ اسے تہران سے اس کے رشتہ دار کے گھر سے حراست میں لیا گیا اور اسے دارالحکومت کی جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ نازلہ معروفین نے مہسا امینی کے والد امجد کا انٹرویو 19اکتوبر کو آن لائن نیوز ویب سائٹ پر شائع کیا تھا جس میں انہوں نے مہسا کے والد کے حوالے سے کہا تھا کہ ان کی بیٹی نے کبھی خودکشی کا ارادہ کیا نہ اسے کوئی پیچیدہ طبی مسئلہ تھا۔ نازلہ معروفین کا آرٹیکل ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ مہسا امینی کی ہلاکت کی خبر کے بعد سے تہران سمیت ملک بھر میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ کئی ہفتوں بعد بھی جاری ہے۔